سیاسی جماعتوں میں ریڈی طبقہ اہمیت کا حامل

   

کانگریس پارٹی ریڈیوں کے لیے اولین ترجیح ، دیگر طبقات کا بھی رجحان
حیدرآباد۔29۔نومبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں طبقہ واری اساس پر اگر قوت کا اندازہ لگایا جائے تو ’ریڈی‘ طبقہ نے تمام سیاسی جماعتوں میں اپنی قوت کو منوالیا ہے لیکن ریاست میں تینوں بڑی سیاسی جماعتوں کی جو صورتحال ہے وہ سیاسی ماہرین کو تذبذب میں مبتلاء کئے ہوئے ہے کیونکہ برسراقتدار بھارت راشٹرسمیتی ویلما اور ریڈی طبقہ کے ووٹوں پر انحصار کئے ہوئے ہے جبکہ کانگریس ریڈی اور کما ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب نظر آرہی ہے جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی خود کو بی سی اور ریڈی پارٹی کے طور پر پیش کر رہے ہے لیکن کوئی بھی یہ دعویٰ کرنے کے موقف میں نہیں ہے کہ ریڈی ویلما‘ ریڈی کما یا پھر ریڈی اور بی سی رائے دہندوں کو فائدہ پہنچے گا۔تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں ریڈی طبقہ مکمل طور پر کانگریس کے ساتھ ہونے کے سبب کہا جار ہاہے کہ تینوں سیاسی جماعتوں میں موجود ریڈی طبقہ کے قائدین اپنی سیاسی جماعتوں میں رہتے ہوئے کانگریس کے حق میں مہم چلا رہے ہیں اور اگر ایسے میں کانگریس کو مسلم ووٹ یکطرفہ حاصل ہوتے ہیں تو کانگریس تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں تاریخ ساز کامیابی حاصل کرسکتی ہے۔سیاسی مبصرین کا کہناہے کہ ریاست تلنگانہ میں کانگریس کی لہر کو دیکھتے ہوئے دیگر طبقات بالخصوص دلتوں اور قبائیلی ووٹ کانگریس کے حق میں ہیں جبکہ مسلم ووٹ متحدہ طور پر دیہی علاقوں اور اضلاع میں کانگریس کو حاصل ہونے کا امکان بتایاجارہا ہے۔

شام 5 بجے سے قبل رائے دہی مرکز
پہنچنے والوں کو ووٹنگ کا موقع
حیدرآباد۔/29 نومبر، ( سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے شام 5 بجے سے قبل رائے دہی مراکز پہنچنے والے رائے دہندوں کو ووٹ کا موقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے 106 اسمبلی حلقہ جات کیلئے رائے دہی کا وقت صبح 7 تا شام 5 بجے جبکہ 13 اسمبلی حلقہ جات کیلئے صبح 7 تا شام 4 بجے رائے دہی کا وقت مقرر کیا ہے۔ وقت گذرنے کے بعد کسی بھی رائے دہندے کو ووٹ کی سہولت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی کوئی عذر قابل قبول ہوگا۔ کمیشن نے 5 بجے سے قبل پولنگ اسٹیشن کی قطار میں موجود تمام افراد کو رائے دہی کا موقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قطار میں موجود رائے دہندوں کو پولنگ اسٹیشن میں طلب کرلیا جائے گا اور انہیں رائے دہی کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن نے اس سلسلہ میں الیکشن اسٹاف کو واضح ہدایات جاری کردی ہیں۔