سیاسی جماعتوں و تجارتی گروپس کے اخبارات مفادات ِ حاصلہ کی تکمیل کا ذریعہ : نائب صدر

   

نئی دہلی 16 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ سیاسی جماعتیں اور تجارتی گروپس خود اپنے اخبارات کا آغاز کرتے ہوئے اپنے مفادات حاصلہ کو فروغ دے رہے ہیں اور صحافت کی اقدار پر سمجھوتے کئے جا رہے ہیں۔ وینکیا نائیڈو پریس کونسل آف انڈیا کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے جو نیشنل پریس ڈے کے موقع پر منعقد ہوئی تھی ۔ انہوں نے صحافت میں نمایاں خدمات پر قومی ایوارڈز بھی پیش کئے ۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ آج کے دور میں سیاسی جماعتیں اور تجارتی گروپس بھی خود اپنے اخبارات ور چینلس شروع کر رہے ہیں۔ اس کے ذریعہ یہ لگ اپنے مفادات کو فروغ دے رہے ہیں اور صحافتی اقدار پر سمجھوتے کر رہے ہیں۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ اگر کوئی اخبار ایک سیاسی جماعت چلاتی ہے تو اس کو واضح طور پر بیان بھی کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ سنسنی کے وقت میں احتیاط سے کام لیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں سنسنی معمول کی بات ہوگئی ہے اور سنسنی خیز خبروں کا مطلب در اصل بے معنی خبر ہوتی ہے ۔ مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات پرکاش جاوڈیکر نے کہا کہ آج کے دور میں فرضی خبریں در اصل پیڈ نیوز سے بڑا بحران بن گئی ہیں۔