حیدرآباد۔ سیاسی جماعتوں کے دفاتر پر ٹکٹ کے خواہشمندوں اور درخواست گذاروں کے ہجوم نظر آنے لگے ہیں اورتمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے شہر حیدرآباد میں ہونے جارہے بلدی انتخابات میں بہتر سے بہتر امیدواروں کو میدان میں اتارنے کے لئے حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔تلنگانہ راشٹر سمیتی ‘ کانگریس ‘ مجلس اتحاد المسلمین کے علاوہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے ٹکٹ کے خواہشمندوں کی درخواستوں کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے اور کہا جا رہاہے کہ تمام سیاسی جماعتو ںکی جانب سے آئندہ دو یوم کے دوران اپنے امیدواروں کے اعلان کردیئے جائیں گے تاکہ وہ قبل از وقت اپنے پرچۂ نامزدگی داخل کرسکیں۔بتایاجاتا ہے کہ خواتین کے لئے محفوظ 75 نشستوں پر مقابلہ کے خواہشمندوں کی بڑی تعداد تلنگانہ راشٹر سمیتی ‘ کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے پاس ہے اور شہر کے موجودہ حالات میں تلگودیشم پارٹی بھی انتخابات میں حصہ لینے کے سلسلہ میں غور کر رہی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے تمام 150 نشستوں پر امیدواروں کی فہرست کو قطعیت دے دی گئی ہے جبکہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے بعض نشستوں پر موجودہ کارپوریٹرس کو تبدیل کرنے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔اسی طرح سے مجلس اتحاد المسلمین نے بھی اپنے 14 موجودہ کارپوریٹرس کو تبدیل کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے اور کہا جا رہاہے کہ گذشتہ 5 برسوں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔