نائب صدر وینکیا نائیڈو کا مشورہ ، انتخابی منشور کو قانونی شکل دینے کی تائید
حیدرآباد۔18 ۔ اپریل (سیاست نیوز) نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو عوام سے قابل عمل وعدے کرنا چاہئے اور عام طورپر دیکھا جارہا ہے کہ سیاسی جماعتیں ووٹ حاصل کرنے کیلئے عوام سے ایسے وعدے کر رہی ہیں جن پر عمل آوری ممکن نہیں ۔ آندھراپردیش کے مچھلی پٹنم میں بزرگ قائد پی کوٹیشور راؤ کے مجسمہ کی نقاب کشائی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو پوری ذمہ داری کے ساتھ عوام سے وعدے کرناچاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اس بارے میں غور و فکر کرنا چاہئے تاکہ عوام کو ناقابل عمل وعدوں سے بچایا جاسکے۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ موجودہ سیاست میں اخلاق اور تہذیب میں کمی واقع ہوئی ہے۔ قانون ساز اداروں اور اسمبلیوں میں ارکان کی جانب سے استعمال کی جانے والی زبان اور ان کا رویہ افسوسناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ارکان کو دیکھنے پر انہیں افسوس ہوتا ہے۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ سیاست میں داخلہ وراثت کی بنیاد پر نہیں بلکہ عوامی تائید کی بنیاد پر ہونا چاہئے ۔ ذات پات اور گروپ کی بنیاد پر سیاست کے داخلہ کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہئے ۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ انتخابات کے موقع پر سیاسی جماعتیں عام طور پر ناقابل عمل وعدے کر رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ انتخابی منشور کو قانونی شکل دینے کا مطالبہ شدت اختیار کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی انتخابی منشور کو قانونی شکل دینے کے حق میں ہیں تاکہ سیاسی جماعتیں برسر اقتدار آنے کے بعد عمل آوری کیلئے پابند رہیں۔ نائب صدر جمہوریہ نے اس مسئلہ پر ملک بھر میں وسیع مشاورت کی ضرورت ظاہر کی ۔ وینکیا نائیڈو نے سابق ضلع پریشد صدرنشین کوٹیشور راؤ کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ سابق دور میں ضلع پریشد کے صدرنشین کے عہدہ پر برقراری آسان نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کا جذبہ رکھنے والے عوامی نمائندوں کی ضرورت ہے۔ ر