سری نگر : آئی اے ایس ڈاکٹر شاہ فیصل نے کہا کہ وہ آئندہ چند روز کے اندر اپنی سیاسی جماعت کے نام کا اعلان کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعت کا نام اور اس کی تفصیلات عوام کے سامنے رکھنے کے ساتھ ہی ممبر شپ مہم شروع کی جائے گی ۔ شاہ فیصل نے فیس بک لائیو کے ذریعہ یہ پیغام دیا ۔ واضح رہے کہ شاہ فیصل نے اپنی سیاسی جماعت کی رجسٹریشن کی درخواست الیکشن کمیشن آف انڈیا میں جمع کروادی ہے ۔ آئی اے ایس ٹاپر شاہ فیصل نے کہا کہ ہم یہاں جموں و کشمیر میں ایک نئی سیاسی جماعت قائم کریں گے ۔ ہم اسی ہفتہ اپنی جماعت کا نام اور اس کے اغراض و مقاصد عوام کے سامنے رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ممبر شپ مہم بہت جلد شروع کی جائے گی ۔ شاہ فیصل نے کہا کہ ہم ہم تبدیلی کیلئے لڑیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد کشمیر میں حقیقی جمہوریت لانا ہے ۔ ہماری خواہش ہے کہ کشمیر میں ہر شہری کو انصاف ملے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت ریاست کے تینو ں خطوں کی عوام کو لیکر چلے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کے سب لوگ ہمارے بھائی ہے ۔ ہم سب کو مل کر چلنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریاست ہم سب کی ہے ۔ اس ریاست کے وجود کو بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ کشمیری پنڈت کشمیر کا اہم حصہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت کشمیری پنڈتوں کی بھی نمائندگی کرے گی ۔
کشمیر پنڈت ہمارے بھائی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سکھ برادری نے بھی ہماری مشکل وقت میں مدد کی ہے ۔