حیدرآباد ۔ 17 مارچ (سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش میں جہاں انتخابات کا وقت جیسے جیسے قریب آرہا ہے، وہیں سیاسی سرگرمیاں تیز ہونے کے ساتھ ساتھ گرماگرم سیاسی ماحول پایا جارہا ہے اور ایک سیاسی پارٹی سے دیگر سیاسی پارٹی میں قائدین کی دل بدلی کا سلسلہ بھی تیزی اختیار کرچکا ہے۔ اس طرح کل وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں تلگودیشم پارٹی کے اہم قائدین مسٹر اے پربھاکر ریڈی رکن اسمبلی، شریمتی بی رینوکا رکن پارلیمان، شریمتی گیتا رکن اسمبلی تلگودیشم پارٹی نے مسٹر وائی ایس آر جگن موہن ریڈی سے ملاقات کرکے وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ اسی طرح سابق رکن پارلیمان کانگریس پارٹی مسٹر ہرشا کمار نے بھی تلگودیشم پارٹی میں شامل ہونے کیلئے کل وشاکھاپٹنم ایرپورٹ پر جبکہ مسٹر چندرا بابو نائیڈو وشاکھاپٹنم سے سریکاکلم روانہ ہورہے تھے ملاقات کی اور تلگودیشم پارٹی میں شامل ہونے سے دلچسپی کا اظہار کیا۔ بتایا جاتا ہیکہ سابق رکن پارلیمان حلقہ لوک سبھا املاپورم مسٹر ہرشا کمار کو حلقہ لوک سبھا املاپورم سے ہی پارٹی ٹکٹ فراہم کرکے انتخابی مقابلہ کروانے کا مسٹر چندرا بابو نائیڈو ارادہ رکھتے ہیں کیونکہ گذشتہ انتخابات میں تلگودیشم پارٹی ٹکٹ پر حلقہ لوک سبھا املاپورم سے منتخب ہونے والے مسٹر رویندر بابو حالیہ دنوں میں تلگودیشم پارٹی سے مستعفی ہوکر وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی جس کی وجہ سے حلقہ لوک سبھا املاپورم کیلئے پارٹی میں کوئی طاقتور امیدوار نہ رہنے کے پیش نظر وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے مقابلہ میں طاقتور امیدوار کو انتخابی مقابلہ میں اتارنے کیلئے مسٹر ہرشا کمار کے نام پر غور کیا جارہا ہے۔