سیاسی قائدین پر سماجی فاصلہ کے قانون کا اطلاق نہیں !؟

   

شہر میں تقاریب ، وزیر کے ٹی راما راؤ ، ارکان اسمبلی و پارلیمنٹ کی بنا ماسک کے شرکت ، سماجی دوری ندارد
حیدرآباد۔سیاسی قائدین پر سماجی فاصلہ کی برقراری کے قانون کا اطلاق نہیں ہوتا یا پھر ان کو سماجی فاصلہ کی خلاف ورزی کی صورت میں کورونا وائرس کا حملہ نہیں ہوتا!شہر حیدرآباد میں آج ہونے والی دو تقاریب جن میں ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ کے علاوہ دیگر ریاستی وزراء ‘ ارکان پارلیمان‘ ارکان اسمبلی اور دیگر نے شرکت کی ان تقاریب میں سماجی فاصلہ کی برقراری کا کوئی خیال نہیں رکھا گیا بلکہ اس سلسلہ میں کوئی توجہ نہیں دی گئی اور ان تقاریب میں شرکت کرنے والوں کی جانب سے بھی سماجی فاصلہ کی برقراری کا خیال نہ رکھے جانے کے علاوہ ایک ریاستی وزیر کے ماسک استعمال نہ کرنے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی جا رہی ہے اور سوشل میڈیا پر موجود سنجیدہ شہریوں کی جانب سے استفسار کیا جا رہاہے کہ آیا اقتدار میں رہنے والوں کو کورونا وائرس نہیں ہوتا یا پھر وبائی ایمرجنسی کے دوران نافذ کئے گئے قوانین کا ان پر اطلاق نہیں ہوتا!شہریوںکی جانب سے ریاستی وزراء ‘ ارکان پارلیمان اور ارکان اسمبلی کی موجود گی میں سماجی فاصلہ کے اصولوں کو پامال کئے جانے پر تنقید کرتے ہوئے کہا جا رہا ہے کہ ریاستی حکومت صحت عامہ کا خیال رکھنے میں ناکام ہوچکی ہے لیکن شہریوں میں شعور اجاگر کرنے کیلئے بھی کوشش نہیں کی جا رہی ہے بلکہ سماجی فاصلہ کے اصولوں کو پامال کرتے ہوئے یہ تاثر دیا جا رہاہے کہ ریاست میں سماجی فاصلہ پر عمل نہ کرنے یا ماسک نہ استعمال کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی جو ان امور کے متعلق کافی سخت ہیں اور وہ جہاں کہیں نظر آرہے ہیں وہاں بغیر ماسک کے نہیں رہتے لیکن ان کی موجودگی میں سماجی فاصلہ برقرار نہ رکھتے ہوئے ان اصولوں کی دھجیاں اڑائے جانے سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ریاستی حکومت کی کے قوانین سیاستدانوں کے لئے علحدہ ہیں اور عوام کیلئے علحدہ قوانین ہیں اور تلنگانہ میں خود حکومت میں شامل افراد اور سیاسی قائدین کورونا وائرس کو چیالنج کر رہے ہیں۔