علحدہ بنچس کے قیام کی وکالت، وینکیا نائیڈو کا ایوارڈ تقریب سے خطاب
حیدرآباد ۔ 8 جون (سیاست نیوز) نائب صدرجمہوریہ ہند ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ سیاسی قائدین کے خلاف الیکشن پٹیشن اور کریمنل کیسیس کے فیصلے جلد اعلیٰ عدالتوں کی اسپیشل بنچس کی جانب سے ایک مقررہ وقت میں کئے جانے چاہئے اور اگر ضرورت ہوتو علحدہ بنچس قائم کرتے ہوئے اس طرح کے کیسیس کی یکسوئی چھ ماہ تا ایک سال میں کی جانی چاہئے۔ یہاں حیدرآباد مینجمنٹ اسوسی ایشن کی 46 ویں سالانہ ایوارڈس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدرجمہوریہ نے کہا کہ عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی معیشت میں 7.2 فیصد تک اضافہ ہوا اور آئندہ دو مالیاتی سال میں ملک کی شرح ترقی میں 7.5 فیصد تک اضافہ متوقع ہے۔ اس موقع پر وینکیا نائیڈو نے مختلف زمروں میں ایوارڈس پیش کئے جس میں مسٹر جیش رنجن، پرنسپل سکریٹری، حکومت تلنگانہ کو دیا گیا منیجر آف دی ایر 2018ء ایوارڈ شامل ہے۔ اس موقع پر حیدرآباد مینجمنٹ اسوسی ایشن کے صدر روی کمار پیساپتی اور اسوسی ایشن کے ارکان موجود تھے۔
