عوامی اعتماد سے محروم ہونے والوں میں موجودہ ارکان اسمبلی کے رشتہ دار بھی شامل
حیدرآباد : گریٹر حیدرآباد کے انتخابات میں کئی سیاسی قائدین کے وارث کہیں کامیاب ہوئے تو کہیں انہیں شکست سے دوچار ہونا پڑا ہے۔ ان میں ارکان اسمبلی، ارکان پارلیمنٹ اور سابق عوامی منتخب نمائندوں کے رشتہ دار شامل ہیں۔ بی جے پی کے سابق رکن پارلیمنٹ آنجہانی اے نریندرا کی بہو اے بھاگیہ لکشمی، گولی پورہ ڈیویژن سے بی جے پی کے ٹکٹ پر مقابلہ کرتے ہوئے کامیاب ہوئی ہیں۔ اے نریندرا کے بھانجہ کی شریک حیات پاوانی گاندھی نگر ڈیویژن سے بی جے پی کے ٹکٹ پر مقابلہ کے اسمبلی حلقہ مشیرآباد ایم گوپال کے بھائی کی شریک حیات کو شکست دے چکی ہیں۔ بنجارہ ہلز ڈیویژن سے ٹی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا کے کیشو راؤ کی دختر جی وجیہ لکشمی نے مقابلہ کرتے ہوئے بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی آنجہانی ٹی بدم بال ریڈی کے فرزند کو شکست دی۔ گڈی انارم ڈیویژن سے میونسپل کے سابق چیرمین کے فرزند بدم پریما مہیش ریڈی نے کامیابی حاصل کی ہے۔ خیریت آباد ڈیویژن سے سابق رکن اسمبلی پی جناردھن ریڈی کی دختر وجیہ ریڈی نے کامیابی حاصل کی ہے۔ میئر بی رام موہن کی شریک حیات سری دیوی چیرلہ پلی ڈیویژن سے کامیاب رہیں ۔ بھارتی نگر ڈیویژن سے ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل بھوپال ریڈی کی بہبو سندھو ادرش ریڈی کامیاب ہوئی ہیں۔ آنجہانی سابق رکن اسمبلی کنکاریڈی کی بہو سی وجئے شانتی ریڈی، الوال ڈیویژن سے کامیاب ہوئی ہیں۔ سابق وزیرداخلہ این نرسمہاریڈی کے داماد اے سرینواس ریڈی کو رام نگر ڈیویژن سے شکست ہوئی ہے۔ اسمبلی حلقہ کنٹونمنٹ کی نمائندگی کرنے والے ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی جی سائنا کی دختر لاسہ نندتا کو کواڑی گوڑہ ڈیویژن سے شکست ہوگئی ہے۔ اے ایس راؤ نگر ڈیویژن سابق رکن اسمبلی موہن ریڈی کی دختر پی پوانی ریڈی کو شکست ہوگئی۔ ٹی آر ایس کے قائد نندکشور ویاس کی دختر پوجا ویاس کو بیگم بازار ڈیویژن سے شکست ہوگئی۔ اسمبلی حلقہ اپل کی نمائندگی کرنے والے بی سبھاش ریڈی کی شریک حیات بی سواپنا ریڈی کو ہبشی گوڑہ ڈیویژن سے شکست ہوگئی۔ اسمبلی حلقہ ایل بی نگر کے ٹی آر ایس انچارج رام موہن گوڑ کی شریک حیات لکشمی پرسنا بی این ریڈی نگر ڈیویژن سے شکست ہوگئی۔