ممبئی ۔ سنی دیول اور امیشا پٹیل کی سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی فلم غدر2 کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔ ٹریلر کو متعارف کرنے کی تقریب میں سنی دیول اور امیشا پٹیل کو دیکھا گیا۔ اس دوران اداکار اور بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ سنی دیول نے ہند۔ پاک تعلقات پر تبصرہ کیا۔ سنی دیول نے واضح طور پرکہا کہ دونوں ممالک کے عوام امن چاہتے ہیں لیکن سیاسی قوتیں دونوں ممالک کے درمیان نفرت پیداکرتی ہیں۔ سنی دیول نے کہا کہ کچھ لینے اور دینے کی بات نہیں، یہ انسانیت کا معاملہ ہے، جھگڑا نہیں ہونا چاہیے۔ دونوں طرف یکساں محبت ہے، یہ ایک سیاسی کھیل ہے جو یہ ساری نفرت پیداکرتا ہے اور آپ کو غدر2 میں بھی یہی نظر آئے گا۔ عوام نہیں چاہتی کہ ہم آپس میں جھگڑیں کیونکہ سب اسی مٹی کے ہیں۔ غدر2 کے ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ تارا سنگھ اورسکینہ کا بیٹا جیت اب بڑا ہوگیا ہے۔ ہندوستانی فوج میں تعینات جیت غلطی سے پاکستان پہنچ جاتا ہے اور وہاں اسے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ اس بار تارا سنگھ ایک بار پھر اپنے بیٹے جیت کو بچانے کے لیے پاکستان جاتا ہے۔ فلم میں زبردست ایکشن اور ڈرامہ نظر آئے گا۔ غدرکے ہٹ ہونے کے بعد اب غدر2 ہندوستان اور پاکستان کے تعلقات کی کہانی دکھائے گی۔ غدر: ایک پریم کتھا میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تقسیم کا درد اور ان کے درمیان محبت کی کہانی دکھائی گئی تھی ۔ فلم میں تارا سنگھ اور سکینہ کی محبت کی کہانی بھی تقسیم ہوجاتی ہے۔ 22 سال بعد آنے والی فلم غدر2، 11 اگست 2023 کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ یوم آزادی پر حب الوطنی کے جذبے کو ابھارنے کا یہ ایک اچھا موقع ہے۔ تاہم اس دن غدر2 کا باکس آفس پر اکشے کمار کی فلم او ایم جی 2 سے ٹکراؤ ہوگا۔ دونوں فلمیں ایک ہی دن ریلیزہونے جا رہی ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے دونوں فلموں میں کس کا پلڑا بھاری ہوتا ہے ۔