سیاسی مقصد براری کیلئے سماج میں تفرقہ کا بی جے پی پر الزام

   

سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری ٹی ویرابھدرم کا بیان
حیدرآباد 25 اکٹوبر (سیاست نیوز) سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری ٹی ویرابھدرم نے بی جے پی پر تلنگانہ میں مذہب کے نام پر سیاسی فائدہ حاصل کرنے اور عوام کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کا الزام عائد کیا۔ کھمم میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ویرابھدرم نے کہاکہ فرقہ وارانہ سیاست کے ذریعہ سماج میں پھوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اُنھوں نے حالیہ عرصہ میں ملک گیر سطح پر فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ بی جے پی تلنگانہ میں پرامن ماحول کو بگاڑنا چاہتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ میں لوک سبھا کی زائد نشستوں پر کامیابی کے بعد سے بی جے پی قائدین بے قابو دکھائی دے رہے ہیں۔ اُنھوں نے کانگریس حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ کسانوں کے قرض معافی اسکیم پر مکمل عمل نہیں ہوا ہے۔ اس کے علاوہ رعیتو بندھو اسکیم کے بارے میں حکومت کا موقف غیر واضح ہے۔ ویرا بھدرم نے کہاکہ ملک بھر میں بی جے پی سے مقابلہ کے لئے انڈین الائنس اتحاد قائم کیا گیا۔ بی جے پی زیراقتدار ریاستوں میں فرقہ وارانہ ایجنڈہ پر عمل کیا جارہا ہے۔ بی آر ایس دور حکومت میں خاندانی حکمرانی اور بدعنوانیوں کے سبب عوام نے تبدیلی کے حق میں فیصلہ دیا۔ 1