محبوب نگر ۔ 7 مارچ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ڈی سی سی کے صدر سنجیو مدیراج کا خیال ہے کہ او بی سی کو گاؤں کی سطح سے سیاست اور انتظامیہ میں زیادہ نمائندگی دی جانی چاہئے ۔ او بی سی برادریوں کے مسائل پر آل انڈیا کانگریس کمیٹی او بی سی سیکشن کے قومی صدر انل جئے ہند کے زیراہتمام جمعہ کو حیدرآباد میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ تلنگانہ میں او بی سی برادریوں کی موجودہ صورتحال ، اب تک کی پیشرفت اور جن مسائل کو ابھی حل کرنے کی ضرورت ہے ان پرمیٹنگ میں بڑے پیمانے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ سنجیو مدیراج نے TPCC جنرل سکریٹری کی حیثیت سے شرکت کی ۔ اے آئی سی سی کے سرکردہ قائدین نے کہاکہ وہ راہول گاندھی کے نظریہ کے مطابق پسماندہ اور کمزور طبقات کی جامع ترقی کے لئے کام کریں گے ۔ او بی سی سیل انچارج رودر سنتوش ، مدیراج کارپوریشن کے چیئرمین دنیشور مدیراج اور دیگر نے میٹنگ میں شرکت کی ۔