مانچسٹر۔10 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ورلڈ کپ سیمی فائنل میچ کے دوران سکھ شائق کو سیاسی نعرے بازی پر میدان سے نکال دیا گیا۔ اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں سیاسی احتجاج اور نعرے بازی کرنے پر حکام نے متعدد شائقین کو ہتھکڑیاں لگا کر میدان سے باہر نکال دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گراؤنڈ سیکیورٹی نے میدان میں بیٹھے شائقین کو بغیر کسی مزاحمت کے اسٹیڈیم سے نکال کر پولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس کے مطابق 4 سکھ نوجوانوں نے جو ٹی شرٹ پہنی ہوئی تھیں ان پر سیاسی پیغامات درج تھے اور ورلڈ کپ کے دوران کسی بھی قسم کے سیاسی پیغام کی ہرگز اجازت نہیں ہے۔یہ چاروں افراد بظاہر سکھ علیحدگی پسند تحریک کی مہم کو چلانے کے لیے آئے اور میچ کا فائدہ اٹھا کر اپنا پیغام دنیا کو پہنچانا چاہتے تھے۔ان افراد نے بیانرز بھی اٹھائے ہوئے تھے جن پر تحریر تھا کہ سکھوںکو علیحدہ سرزمین دینے کے لیے ریفرنڈم کا انعقاد کرائے۔واضح رہے کہ سکھ برادری انگلینڈ میں سکھ علیحدگی پسند اپنے علیحدہ ملک خالصتان کے لیے منظم مہم ایک عرصے سے چلا رہے ہیں۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ ورلڈ کپ کے دوران مطالبات کے لئے آواز اٹھانے کی کوشش کی گئی ہو بلکہ اس سے قبل سری لنکا اور ہندوستان کے درمیان میچ میں جہاز کے ذریعے فضا میں بیانر لہرائے گئے تھے جس میں کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے درج تھے۔لیڈز میں ہندوستان اور سری لنکا کے میچ کے دوران فضا میں بیانرز لہرائے گئے تھے جس میں کشمیر کے لیے انصاف کشمیر میں نسل کشی اورآزادی کشمیر کے نعرے درج تھے۔اس واقعے پر آئی سی سی نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم آئی سی سی ورلڈ کپ میں کسی بھی قسم کے سیاسی پیغام کو ہرگز نظرانداز نہیں کریں گے۔
سرینا اور ہالیپ سیمی فائنل میں داخل
لندن۔10 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) سال کے تیسرے گرانڈ سلام ومبلڈن ٹینس کے ویمنز سنگلز مقابلوں کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہو گئی جب کوارٹر فائنل مرحلے میں چیک جمہوریہ کی باربورا سٹرائیکووا نے برطانیہ کی جوہانا کونٹا کوشکست دی، یوکرین کی ایلینا سویٹولینا نے کیرولینا موچووا کو 7-5اور 6-4 سے شکست دی ہے ۔ رومانیہ کی سیمونا ہالیپ نے چین کی شوائی زینگ کو جبکہ سرینا ولیمز نے ہم وطن حریف الیسن رسکی کو 6-4، 4-6اور 6-3 سے شکست دی۔