پٹنہ، 9 نومبر (یو این آئی) بہار میں 11 نومبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے صوبائی صدور سیاسی میدان میں اپنے حریفوں سے مقابلہ کرتے ہوئے نظر آئیں گے ۔ بہار میں 11 نومبر کو دوسرے اور آخری مرحلے میں کانگریس، لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس)، ہندوستانی عوام مورچہ (ہم)، وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) اور آل انڈیا مجلسِ اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صوبائی صدور انتخابات میں اپنی قسمت آزمائیں گے ۔ اورنگ آباد ضلع کی کُٹُبہ (محفوظ) سیٹ سے کانگریس کے صوبائی صدر اور رکن اسمبلی راجیش رام ایک بار پھر جیت کے عزم کے ساتھ انتخابی میدان میں اترے ہیں۔ انہوں نے 2015 اور 2020 کے انتخابات میں مسلسل دو مرتبہ کامیابی حاصل کی تھی۔ سابق وزیر دلکیشور رام کے فرزند راجیش رام اس نشست پر ہیٹرک کی کوشش میں ہیں۔ مشرقی چمپارن ضلع کی گووند گنج سیٹ سے سابق رکن اسمبلی راجن تیواری کے بڑے بھائی اور لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے صوبائی صدر راجو تیواری دوبارہ انتخابی میدان میں اپنی دھاکبٹھانے کے لیے تیار ہیں۔ راجو تیواری نے 2015 کے انتخاب میں کامیابی حاصل کی تھی، لیکن 2020 کے انتخابات میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ گیا ضلع کی ٹیکاری اسمبلی سیٹ سے ہندوستانی عوام مورچہ (ہم) کے صوبائی صدر اور رکن اسمبلی انل کمار میدان میں ہیں۔ انہوں نے 2010 میں کامیابی حاصل کی تھی، لیکن 2015 میں شکست کھائی۔
2020 میں انہوں نے دوبارہ جیت درج کی اور اب تیسری کامیابی کی امید کے ساتھ انتخابی میدان میں ہیں۔ ضلع کیمورکی چین پور سیٹ سے وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے ٹکٹ پر پارٹی کے صوبائی صدر بال گووند بند بھی مقابلے میں اترے ہیں۔ پورنیہ ضلع کی امور اسمبلی سیٹ سے آل انڈیا مجلسِ اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صوبائی صدر اور رکن اسمبلی اخترالایمان بھی انتخابی میدان میں قسمت آزمائی کے لیے موجود ہیں۔
