کانگریس رکن پارلیمنٹ وینکٹ ریڈی کا تبصرہ
حیدرآباد: کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کی تنصیب میں حکومت کی جانب سے رکاوٹ پر سخت تنقید کی ۔ انہوں نے کہا کہ پنجہ گٹہ میں ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کو نصب کرنے کے دوران دو سال قبل پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے مجسمہ اپنی تحویل میں لے لیا تھا ۔ اس مسئلہ پر کانگریس کے سینئر لیڈر وی ہنمنت راؤ گزشتہ دو برسوں سے جدوجہد کر رہے ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر مجسمہ واپس کرے اور مقررہ مقام پر تنصیب کی اجازت دی جائے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ اپنے سیاسی کیریئر میں انہوں نے اس قدر مغرور چیف منسٹر نہیں دیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستور کے معمار کے مجسمہ کو پولیس کی تحویل میں رکھنا حکومت کے لئے انتہائی شرمناک ہے۔ کے سی آر نے شہر میں مرکزی مقام پر ڈاکٹر امبیڈکر کا مجسمہ نصب کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن آج تک پیشرفت نہیں ہوئی ہے۔ گزشتہ 7 برسوں میں کے سی آر نے ایک مرتبہ بھی ڈاکٹر امبیڈکر کو خراج پیش نہیں کیا ۔ چیف منسٹر سے ملاقات کے لئے کئی بار وقت پوچھا گیا لیکن انہیں وقت نہیں دیا گیا ۔ رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ سونیا گاندھی نے تلنگانہ عوام کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے علحدہ ریاست تشکیل دی لیکن کے سی آر کا خاندان ریاست پر حکمرانی کر رہا ہے۔ انہوں نے ہرگاؤں میں امبیڈکر اور مہاتما گاندھی کا مجسمہ نصب کرنے کا مطالبہ کیا ۔ وینکٹ ریڈی نے سرکاری اراضیات کی فروخت کی مخالفت کی اور کہا کہ دلتوں کو سابق حکومتوں کے دور میں دی گئی اراضیات چھین کر فروخت کیا جارہا ہے۔