واشنگٹن؍نئی دہلی۔ 16 اگست (یو این آئی) ہندوستان کے 79 ویں یومِ آزادی کے موقع پر امریکہ کے شہر سیاٹل میں ایک تاریخی لمحہ اس وقت دیکھنے کو ملا جب پہلی مرتبہ ہندوستانی ترنگا مشہور ومعروف عمارت اسپیس نیڈل پر لہرایا گیا۔ سال 1962 میں عالمی میلے کے لئے تعمیر کی گئی اسپیس نیڈل امریکہ کے بحرالکاہل کے شمال مغربی علاقے کے تکنیکی مرکز سیاٹل کی پہچان ہے ۔ اس تاریخی موقع پر سیاٹل کے میئر بروس ہیریل، ہندوستانی قونصل جنرل اور شہر کی دیگر معزز شخصیات شریک ہوئیں۔ انہوں نے بحرالکاہل کے شمال مغرب میں سیاٹل کو ایک تکنیکی مرکز کے طور پر قائم کرنے میں ہندوستانی نژاد امریکی برادری کے نمایاں کردار کی ستائش کی۔