جمائیکا ۔3جون(سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ڈیرن سیمی نے امریکہ میں پولیس کے ہاتھوں سیاہ فام شہری کی ہلاکت کے معاملے پر سیاہ فاموں کی حمایت میں آوازبلند کرتے ہوئے آئی سی سی سے سیاہ فاموں کے ساتھ ناانصافی کے خلاف کھڑے ہونے کا مطالبہ بھی کردیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے سلسلہ وار پیغامات میں ڈیرن سیمی نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سمیت دیگر بورڈزکو معاشرتی ناانصافی پر آواز بلند کرنی چاہیے، کیونکہ اب خاموش رہنے کا وقت نہیں ہے۔ ڈیرن سیمی نے مزید کہا ہے کہ یہ صرف امریکہ کی بات نہیں ہے، ایسے واقعات ہر جگہ روزانہ ہوتے ہیں، اب خاموشی کی بجائے بولنے کا وقت ہے، میں آپ سب لوگوں کو سننا چاہتا ہوں۔ ڈیرن سیمی نے مزید لکھا کہ بہت لمبے عرصے تک سیاہ فام لوگ اس طرح کے واقعات برداشت کر رہے ہیں۔ایک اور ٹوئٹ میں ڈیرن سیمی نے کہا ہے کہ وہ سینٹ لوشیا میں ہیں اور جارج فلائیڈ کے قتل کے انسانیت سوز واقعے کی ویڈیوز دیکھ کر میرا دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا صارفین سے سوال کیا وہ سب بھی اپنی حمایت دکھا کر اس تبدیلی کا حصہ بن سکتے ہیں۔انہوں نے اپنے ٹوئٹس میں امریکی سیاہ فام جارج فلائیڈ کے قتل کے بعد بنایا جانے والا مقبول ہیش ٹیگ بلیک لائیوز میاٹر کا بھی استعمال کیا۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ڈیرن سیمی نے امریکی سیاہ فام شہری کے حق میں اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اگر جارج فلائیڈ کی ویڈیو دیکھنے کے بعد بھی کرکٹ کی دنیا سیاہ فاموں کے ساتھ ناانصافی کے خلاف کھڑی نہیں ہوتی تو وہ بھی اس مسئلے میں برابر کے شریک ہیں۔واضح رہے کہ چند روز قبل امریکی ریاست مینی سوٹا میں ایک امریکی پولیس عہدیدار سیاہ فام شخص کی گردن پرگھٹنہ رکھ کربیٹھ گیا تھا جس کے باعث اس کی موت واقع ہوگئی تھی۔
اس واقعے کے بعد امریکہ بھر میں طاقت کے اس غلط استعمال اور اس واقعے میں ملوث عہدیدارکی گرفتاری کے لیے مظاہرے شروع ہوگئے تھے۔