سیاہ قانون کے خلاف عادل آباد میں ہندو مسلم کا متحدہ مظاہرہ

,

   

ملک کے تحفظ کی خاطر ہزاروں افراد کی ریالی میں شرکت، رکن اسمبلی جوگو رامنا کے بشمول دیگر قائدین کی مرکزی حکومت پر شدید تنقید

عادل آباد ۔ 26 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر عادل آباد کے میدان عیدگاہ سے
CAA ، NRC
قانون کے خلاف ٹھاٹے مارتا ہوا سروں کے سمندر کی ایک ریالی مرکزی حکومت کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کرتے ہوئے گرلز اسکول چوراستہ ، بس اسٹیشن کے روبرو ، تلنگانہ تلی ، این ٹی آر چوک ، کلکٹریٹ چوک سے گزرتے ہوئے دفتر ضلع کلکٹریٹ پہنچ کر آر ڈی او مسٹر سوریا نارائن کو ایک تحریری یادداشت پیش کی ۔ احتجاجی اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ ، بیانرس اور ترنگا پرچم لہراتے ہوئے ملک کی یکجہتی کو برقرار رکھنے کی غرض سے نریندر مودی ، امیت شاہ کے خلاف نعرے بلند کر رہے تھے ۔ کل سیاسی و سماجی قائدین کی جانب سے چند دن قبل جوائنٹ ایکشن کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کی اپیل پر مستقر عادل آباد کے علاوہ
Bela ، Jainad ، Tamsi ، Talamdgu
منڈل جات سے تعلق رکھنے والے بے شمار افراد نے شرکت کی۔ وقفہ وقفہ سے ہونے والی رم جھم بارش اور سرد ہوا کا لحاظ کے بغیر ملک کی بقاء اور ملک کے قانون کے تحفظ کی خاطر ہزاروں افراد نے میدان عیدگاہ جمع ہوکر اپنی گنگا جمنی تہذیب کا دلچسپ مظاہرہ کیا ۔ قبل از میدان عیدگاہ کے شہ نشین سے یونس اکیانی ، شریمتی جی سجاتا، ساجد خان ، فاروق احمد ، سید ساجد الدین ، حافظ ابوبکر ، مولانا اکبر الدین حسامی ، پربھاکر ریڈی ، گنیش ریڈی ، رکن اسمبلی عادل آباد مسٹر جوگو رامنا نے اپنے اپنے خطاب کے دوران مرکزی حکومت پر سخت تنقید کیا اور کہا کہ مسلمانوں سے اپنی کھلی دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلمانوں کے خلاف سی اے اے ، این آر سی قانون کو لازم کیا گیا جبکہ ملک کی آزادی میں جہاں ایک طرف ہزاروں مسلمانوں نے انگریزوں کے خلاف جنگ میں حصہ لیتے ہوئے اپنی جانوں کی قربانی دے چکے ہیں ، وہیں دوسری طرف بی جے پی اور آر ایس ایس کے قائدین مسٹر نریندر مودی، امیت شاہ نے ملک کی آزادی میں کوئی حصہ نہیں لیا۔ انہیں ملک کا غدار قرار دیتے ہوئے ملک سے دربدر کرنے کی بھی بات کہی گئی ۔ مسلمانوں کے خلاف نافذ کردہ قانون
NRC ، CAA
سے دستبر دار ہونے تک ا پنے احتجاج کو جاری رکھنے کا تیقن دیا گیا ۔ عادل آباد جمیعت العلماء صدر حافظ ابوبکر کی اطلاع کے مطابق جاریہ ماہ کی 28 تاریخ کو اجتماعی طورپر ’’روزہ ‘’ رکھنے کا مشورہ دیا گیا جبکہ اجتماعی طور پر روزہ افطار میدان عیدگاہ میں ہوگا ۔ قبل از اجتماعی دعا کا اہتمام کیا جائے گا ۔ ڈی ایس پی مسٹر وینکٹیشورلو کی نگرانی میں سینکڑوں پولیس جوانوں کو میدان عیدگاہ ، ریالی نکلنے کی اہم شاہراہ اور دفتر ضلع کلکٹریٹ پر تعینات کیا گیا تھا ۔ ہزاروں افراد پر مشتمل پرامن ریالی عادل آباد کی تا ریخ میں اہمیت کا حا مل تصور کیا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔