سینکڑوں افراد کا اظہار یگانگت ‘ عدم تحفظ کے ماحول کو فروغ دینے کی کوشش کی شدید مذمت
نلگنڈہ ۔ 29؍ ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملک میں تفریق پیدا کرنے والا سیاہ قانون کے خلاف ملک گیر پیمانے پر کئے جا رہے احتجاج پر جمعیت العلماء ہند شاخ نلگنڈہ کی جانب سے آج زنجیری بھوک ہڑتال کا آغاز نلگنڈہ کے کلاک ٹاور سنٹر پر احتجاجی کیمپ منظم کیا گیا ۔ مولانا سید احسان الدین رشادی و قاسمی صدر جمعیت نلگنڈہ کی زیر نگرانی زنجیری بھوک ہڑلی کیمپ پر مفتی سید صدیق احمد ‘ مولانا محمد عبدالبصیر رشادی قاسمی ‘ مولانا محمد اکبر خان ‘ سی پی ایم قائدین محمد سلیم ‘ ویریا ‘ دلت تنظیم قائد شیکھر و دیگر نے پہنچ کر اظہار یگانگت کی اور کہا کہ مرکزی سرکار ملک میں مخصوص طبقہ کو نشانہ بنانے کی غرض سے شہریت ترمیم قانون کو پارلیمنٹ اور راجیہ سبھا میں اپنی عددی طاقت کے ذریعہ لاگو کر رہی ہے ۔ ملک میں ایسے سیاہ قانون کی مخالفت کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جا رہا ہے ۔ ملک کی عوام مرکز کی ایسی عوام دشمن اور ایک مخصوص طبقہ کو نشانہ بنائے جانے والے این آر سی ‘ سی اے اے اور این پی آر کی مخالفت کر رہے ہیں ایسے ایکٹ سے ملک کا وقار دنیا میں شدید متاثر ہو رہا ہے ۔ حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کے اقدامات کرنا چاہئے لیکن موجودہ سرکار گذشتہ چھ برسوں سے عدم تحفظ کا ماحول کو فروغ دینے کی مذموم کوشش کر رہی ہے ۔ ان قائدین نے کہا کہ ملک کی گنگاجمنی تہذیب اور مذہبی آزادی کے لئے عوام سڑکوں پر آکر کھلے عام حکومت کے فیصلہ کی شدید مخالفت کر رہی ہے ان قائدین نے مرکز کی مودی سرکار سے مطالبہ کیا کہ ایسے قانون کو فوری واپس لیتے ہوئے عوام میں پائی جانے والی بے چینی کو دور کرے اور کہا کہ مرکزی حکومت اپنے فیصلہ سے دستبرداری اختیار کرنے تک احتجاج منظم کرنے کا انتباہ دیا ۔ اس کیمپ میں سینکڑوں افراد پہنچ کر احتجاجی قائدین سے ملاقات اور بھرپور تائید کا اعلان کیا ۔