سیاہ قوانین کے خلاف آخری دم تک جدوجہد کریں گے

   

Ferty9 Clinic

ورنگل میں انڈین سٹیزن فورم کے زیر اہتمام ، اجلاس میں مسلم و غیر مسلم وکلاء کا عزم

ورنگل ۔ 7 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : انڈین سٹیزن فورم کی جانب ایس سی ، ایس ٹی ، او بی سی مایناریٹی ایڈوکیٹ کے ساتھ مینار ہوٹل صوبیداری ہنمکنڈہ میں سی اے اے ، این آر سی ، این پی آر کے خلاف ایک اہم اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا ۔ تمام ایڈوکیٹس نے شہریت ترمیمی بل کے خلاف اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایڈوکیٹس برادری اس کالے قانون کی مخالفت کرتی ہے ۔ اس موقع پر این سی شیواجی ، کے سرینواس ، نریندر ، سوما راما مورتی ، کے سنگھ راتھوڑ ، محمد اظہر ایڈوکیٹ ، پی ستیم ایڈوکیٹ ، محمد حبیب الدین ایڈوکیٹ ، این ماہتما ، ولی الرحمن ، شفیع اللہ قادری ، شیخ عبداللہ ، کے رام بابو ، محمد فخر الدین ، این ایپا راؤ و دیگر وکلاء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاہ قوانین سے مسلمانوں کے ساتھ ساتھ دلت طبقہ زیادہ متاثر ہوگا ۔ یہ حکومت ملک کو تباہ کررہی ہے ۔ پسماندہ طبقات کے خلاف سازش رچی جارہی ہے ۔ آخر دم تک ہم اس جدوجہد کو جاری رکھیں گے ۔ وکلا برادری کالے قانون کے خلاف ہے ۔ یہ قانون کو واپس لینا ضروری ہے ۔ یہ ملک کے دستور کے خلاف اور عوام کو دئیے گئے حقوق کے منافی ہے ۔ حکومت اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ آخر لوگ کب تک احتجاج کریں گے کیوں کہ عوام بیدار ہوچکے وہ دستور اور اپنے حق کی حفاظت کریں گے ۔ فرقہ پرست حکومت نے ہم کو ایک کردیا ہے ۔ ہندو ، مسلم ، سکھ ، عیسائی بھی مل کر اس کالے قانون کے خلاف میدان میں کود پڑے ہیں ۔ یہ صرف مسلمانوں کے خلاف نہیں بلکہ تمام طبقات کے خلاف ہے ۔ ایک منظم سازش کے تحت اس قانون کو لایا گیا ۔ ملک کی عوام نے طئے کرلیا ہے امبیڈکر کے بنائے ہوئے دستور کے خلاف کوئی اور قانون کو منطور نہیں کریں گے ۔ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف اب ہر شخص میدان میں اتر آیا ہے ۔ واضح رہے کہ انڈین سٹیزن فورم ورنگل کی جانب سے سی اے اے ، این آر سی ، این پی آر کے خلاف مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے دانشوروں کے ساتھ منار ہوٹل صوبیداری میں اساتدہ کی مختلف یونین اور ٹیچرس ، جرنلسٹ تلگو ، اردو ، انگریزی ، ہندی ، اخبارات سے تعلق رکھنے والے شہر کے ڈاکٹرس ، ملازمین کے ساتھ اور اب ایڈوکیٹس کے ساتھ جائزہ اجلاس کا اہتمام کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ برادران وطن کے ساتھ اس کالے قانون کے خلاف جدوجہد جاری رہے ۔ اس موقع پر ایس آئی او سے عبداللہ فیض ، مرزا ندیم بیگ ، محمد مجاہد عرفان اسٹیٹ پروفیسر ایس آر کالج ، محمد شکیل ، شیخ بندگی امیر مقامی ، اطہر حسین ، محمد شاہد حسین و دیگر موجود تھے ۔۔