سیاہ قوانین کے خلاف اسمبلی میں قرارداد کی منظوری کے اعلان کا خیرمقدم

   

چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کے ہمدرد، الحاج محمد سلیم

حیدرآباد ۔ 7 مارچ (سیاست نیوز) صدرنشین ریاستی وقف بورڈ محمد سلیم نے چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے سیاہ قوانین کے خلاف اسمبلی میں قرارداد منظور کرنے کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا۔ اس کو جرأتمندانہ اقدام قرار دیتے ہوئے چیف منسٹر کو اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کا ہمدرد ہونے کا دعویٰ کیا۔ محمد سلیم نے کہا کہ بی جے پی کی زیرقیادت مرکزی حکومت ملک کے دستور اور قوانین کیلئے بہت بڑا خطرہ بن گئی ہے اور گذشتہ 6 سال سے منظم منصوبہ بندی کے ذریعہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے مگر تلنگانہ میں سربراہ ٹی آر ایس چیف منسٹر کے سی آر فرقہ پرستوں اور اقلیتوں کے درمیان دیوار بنے ہوئے ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر کے حوصلے ہمالیہ سے بھی بلند ہے جس سے ٹکرا کر بی جے پی چور چور ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریت ترمیمی قانون، این آر سی اور این پی آر کے خلاف ملک میں بے چینی پیدا ہوگئی ہے۔ سارے ملک میں احتجاج ہورہا ہے اور احتجاج کے دوران 50 سے زائد افراد کی قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر عوامی نبض سے بخوبی واقف ہے۔ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں ٹی آر ایس نے اس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے قانون سازی کے خلاف ووٹ دیا تھا۔ تلنگانہ کی کابینہ میں بھی سی اے اے کے خلاف قرارداد منظور کی گئی ہے۔کل بزنس اڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں بھی چیف منسٹر نے سیاہ قوانین کے خلاف مباحث کرنے اور قرارداد منظور کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ آج اسمبلی میں گورنر کے اظہارتشکر خطبہ کے دوران چیف منسٹر نے پھر کہا ہیکہ وہ سی اے اے کے خلاف اسمبلی میں قرارداد منظور کرنے این پی آر اور این آر سی کے مسئلہ پر بھی اسمبلی میں طویل مباحث کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ملک کے تمام چیف منسٹرس کو چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کے نقش قدم پر چلنے کی ضرورت ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ چیف منسٹر نے ریاست میں سماج کے تمام طبقات کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے ایک نئی مثال قائم کی ہے۔ ریاست میں سیکولرازم کو فروغ دینے کیلئے تمام عیدین اور تہواروں کو سرکاری طور پر منایا جاتا ہے۔ ایسی مثال ملک کے کسی اور ریاست میں نہیں ملتی۔ لا اینڈ آرڈر کی برقراری میں بھی ریاست تلنگانہ کو سارے ملک میں سرفہرست مقام حاصل ہے۔ سیاہ قوانین کے خلاف اسمبلی میں قرارداد منظور کرنے کا چیف منسٹر نے جو فیصلہ کیا ہے وہ تمام اقلیتوں کی جانب سے چیف منسٹر سے اظہارتشکر کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں تمام اپوزیشن جماعتیں چیف منسٹر کے سی آر کی اس پہل کی تائید کریں گے۔ محمد سلیم نے کہا کہ چیف منسٹر کے اس فیصلہ کے بعد ریاست کے مسلمانوں میں سکون و چین نظر آرہا ہے۔ اس فیصلہ کے بعد ٹی آر ایس پر اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کا اعتماد مزید بڑھ گیا ہے۔