منی پور معاملہ پر احتجاج جاری‘ راجیہ سبھا سے پھر واک اوٹ
نئی دہلی: اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ جمعرات کو سیاہ لباس پہن کر پارلیمنٹ پہنچے۔ اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ کے مطابق انہوں نے یہ فیصلہ منی پور تشدد کے معاملے پر اپنے احتجاج کا اظہار کرنے کے لیے کیا ہے۔کانگریس سمیت زیادہ تر اپوزیشن جماعتوں نے مطالبہ کیا ہے کہ منی پور تشدد کے معاملے پر راجیہ سبھا میں قاعدہ 267 کے تحت تفصیلی بحث کی جائے۔ اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ منی پور تشدد کے معاملے پر وزیر اعظم کو پارلیمنٹ میں بیان دینا چاہیے اور پھر اس بیان پر بحث ہونی چاہیے۔اگرچہ حکومت اور چیئرمین نے مختصر دورانیہ کیلئے بحث کی منظوری دے دی ہے مگر تفصیلی بحث کے مطالبہ کومسترد کر دیا گیاہے۔ اس مطالبے کو لے کر پارلیمنٹ میں اپوزیشن اور حکمراں جماعت کے درمیان مسلسل محاذ آرائی جاری ہے۔ دریں اثنا، منی پور کے معاملے پر اپنا احتجاج درج کرانے کے لیے اپوزیشن کے اراکین پارلیمنٹ نے کالے کپڑے پہن کر پارلیمنٹ میں آنے کا فیصلہ کیا۔کانگریس، عام آدمی پارٹی، جنتا دل یونائیٹڈ سمیت کئی اپوزیشن جماعتوں نے اپنے راجیہ سبھا کے ارکان پارلیمنٹ کیلئے وہپ بھی جاری کئے ۔اپوزیشن اپنے مطالبہ پر بضد رہی اورآج مسلسل چوتھے دن اس مسئلہ پر راجیہ سبھا سے واک اوٹ کیا۔