ہیڈنبرگ کی رپورٹ منظرعام پر آنے کے بعد اڈانی گروپ کی وضاحت
ممبئی : امریکی شارٹ سیلر فرم ہنڈ ن برگ ریسرچ کی نئی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہنگامہ برپا ہے۔ اب اڈانی گروپ نے اس رپورٹ پر اپنا پہلا ردعمل دیا ہے۔ اڈانی گروپ نے آج اتوار کو ہنڈنبرگ کی طرف سے لگائے گئے الزامات کی تردید کی اور کہا کہ اس کا سیبی چیف مادھبی پوری کے ساتھ کوئی تجارتی تعلق نہیں ہے جس کا دعویٰ ہنڈنبرگ کی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔اڈانی گروپ نے ایک دن بعد ہنڈنبرگ ریسرچ کی نئی رپورٹ کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اڈانی گروپ کا رپورٹ میں بتا ئے گئے افراد یا معاملات سے تجارتی طور پر کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ ہنڈنبرگ ریسرچ کی طرف سے ہفتہ کو دیر رات جاری کی گئی سنسنی خیز رپورٹ پر اڈانی گروپ کا یہ پہلا ردعمل ہے۔ رپورٹ میں الزام لگایا گیا ہے کہ ونود اڈانی اور ان کے قریبی ساتھیوں اورسیبی کی چیئرپرسن مادھبی پوری نے کچھ غیر ملکی فنڈز میں سرمایہ کاری کی تھی۔گروپ نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کو بھی مسترد کر دیا۔ اڈانی گروپ نے کہا کہ وہ اپنی کمپنیوں کے خلاف لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتا ہے اور اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ اس کی غیر ملکی ہولڈنگ کا ڈھانچہ مکمل طور پر شفاف ہے۔ ہنڈنبرگ کی رپورٹ میں اڈانی گروپ کے بارے میں کہا گیا ہے کہ اس نے کمپنیوں کا جال بنا کر رقوم کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا۔اڈانی گروپ اور ہنڈنبرگ ریسرچ کا معاملہ نیا نہیں ہے۔ اس کی شروعات تقریباً ڈیڑھ سال قبل گزشتہ سال جنوری میں ہوئی تھی جب ہنڈنبرگ نے اڈانی گروپ کے خلاف اپنی پہلی سنسنی خیز رپورٹ جاری کی تھی۔ اس میں ہنڈنبرگ نے اڈانی گروپ کے خلاف فنڈز میں ہیرا پھیری سمیت شیئر کی قیمتوں میں اضافہ کرنے جیسے سنگین الزامات لگائے تھے۔ نیز ہنڈنبرگ نے اسے کارپوریٹ دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا فراڈ قرار دیا تھا۔ ہنڈنبرگ کی اس رپورٹ کی وجہ سے اڈانی گروپ کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا اور اس کی کمپنیوں کے ایم سی اے پی میں 80 بلین ڈالر سے زیادہ کی کمی واقع ہوئی۔بعد میں مارکیٹ ریگولیٹر سیبی نے ہندنبرگ کی طرف سے اڈانی گروپ کے خلاف لگائے گئے الزامات کی جانچ شروع کی۔ سیبی کی طرف سے جاری تحقیقات کی نگرانی سپریم کورٹ کی طرف سے مقرر کردہ ایک کمیٹی نے کی۔ سیبی کی تحقیقات کو ہنڈنبرگ کے الزامات کو ثابت کرنے کے لیے ابھی تک ٹھوس ثبوت نہیں ملے تھے۔ مارکیٹ ریگولیٹر نے حال ہی میں متعلقہ معاملے کی تحقیقات کے حصے کے طور پر امریکی شارٹ سیلر فرم کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا تھا۔اب سارے معاملے نے الگ رنگ اختیار کر لیا ہے۔ ہنڈنبرگ کا نیا الزام یہ ہے کہ اڈانی گروپ کے ساتھ سیبی چیف کے مبینہ تعلق کی وجہ سے جانچ ٹھیک سے نہیں ہوئی ہے اور سیبی کو اڈانی گروپ کے خلاف کچھ بھی نہیں مل پا رہا ہے۔