سیتارامن کیخلاف سیاہ جھنڈیاں لہرائی گئیں

   

پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف کانگریس کارکنوں کا احتجاج
ممبئی: کانگریس ورکرس نے مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتا رامن کے دورۂ ممبئی کے موقع پر احتجاج کرتے ہوئے سیاہ جھنڈیوں سے مظاہرہ کیا۔ مرکزی بجٹ اور پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کانگریس ورکرس، سیتا رامن کے دورہ کے مقام تک پہنچنے کی کوشش کررہے تھے لیکن پولیس نے انہیں روک دیا۔ مرکزی وزیر دادر میں واقع یوگی سبھاگرہ پہنچی۔ اس موقع پر تقریباً 400 تا 500 کانگریس ورکرس نے ان کیخلاف نعرہ بازی شروع کی اور اپنے لیڈر راہول گاندھی کی تائید میں بھی نعرے لگائے۔ احتجاجیوں نے آج صبح سے دادر ریلوے اسٹیشن کے باہر جمع ہوکر احتجاج شروع کیا تھا۔ مرکزی بجٹ پر اعتراض کرتے ہوئے پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ پر احتجاج کیا۔ ممبئی مہیلا کانگریس جنرل سیکریٹری ثناء قریشی نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث عام آدمی پہلے ہی سے پریشان ہے ، غریب عوام روزگار سے محروم ہوچکے ہیں اور حکومت ان پر قیمتوں میں اضافہ کے ذریعہ مزید بوجھ ڈال رہی ہے۔