عوامی شکایات کی سماعت۔ عہدیداروں کو ضروری ہدایات جاری
حیدرآباد۔11۔جون(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کے پرجا وانی پروگرام میں آج ریاستی وزیر محترمہ انوسویا سیتا اکا نے شرکت کرتے ہوئے عوامی شکایات کی سماعت کی۔ پرجا بھون میں اس پروگرام میں ریاستی وزیر نے شرکت کرکے عوامی شکایت کی سماعت کے دوران کہا کہ حکومت سے طویل عرصہ سے حل طلب مسائل کی یکسوئی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہو ںنے عوامی شکایات کو عہدیداروں کے حوالہ کرکے ان سے دریافت کیا کہ ان شکایات کی یکسوئی کب تک ممکن ہے ۔ عہدیداروں نے شکایت کنندگان کو عاجلانہ یکسوئی کا تیقن دیا اور کہا کہ حکومت سے ان کی شکایات متعلقہ محکمہ جات کو روانہ کرکے جلد یکسوئی کو یقینی بنایا جائیگا ۔ تلنگانہ میں کانگریس کے اقتدار حاصل کرنے کے بعد شروع کئے گئے اس پروگرام کو ملک میں عام انتخابات کے پیش نظر روک دیا گیا تھا اور گذشتہ جمعہ اس پروگرام کا احیاء کیا گیا ۔ ہر منگل اور جمعہ کو ہونے والے اس پروگرام میں عوام اپنی شکایات راست عہدیداروں اور وزراء کے حوالہ کرسکتے ہیں جو اس پروگرام میںدستیاب رہتے ہیں۔ ریاستی وزیر سیتا اکا کے علاوہ نائب صدرنشین ریاستی منصوبہ بندی کمیشن مسٹر جی چنا ریڈی نے بھی شرکت کرکے شکایات کے ساتھ پہنچنے والوں سے ملاقات کی اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ان کی عاجلانہ یکسوئی کریں۔ 3