نائب صدرجمہوریہ، عمر عبداللہ، یوسف تریگامی اور نامور سیاستدانوں کا اظہار تعزیت
نئی دہلی: مارکسسٹ کمیونسٹ پارٹی سی پی آئی (ایم) کے سینئر لیڈر سیتا رام یچوری کے بڑے بیٹے آشیش کی جمعرات کو کورونا انفیکشن سے موت ہوگئی۔ یچوری نے آج صبح ٹوئٹ کرکے یہ اطلاع دی۔انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ‘‘بہت دکھ کے ساتھ مجھے مطلع کرنا پڑ رہا ہے کہ میں نے اپنے بڑے بیٹے آشیش یچوری کو آج صبح کووڈ۔ 19 میں کھودیا ہے ۔ میں ان سبھی ڈاکٹروں، نرس، صحت کارکنان، صفائی ستھرائی کے کارکن اور ہمارے ساتھ کھڑے لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے میرے بیٹے کا علاج کیا اور ہمیں امید دلائی‘‘۔کووڈ۔ 19 سے متاثر 35 سالہ آشیش یچوری گڑگاؤں کے میدانتا اسپتال میں دو ہفتوں سے داخل تھے اور ان کی حالت میں بہتری بھی آرہی تھی لیکن آج صبح ساڑھے پانچ بجے اچانک ان کی موت ہوگئی۔نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو ، سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداللہ، پی ڈی پی لیڈر محبوبہ مفتی، کمیونسٹ قائد یوسف تریگامی اور دیگر کئی ممتاز سیاسی قائدین نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ نائب صدر نائیڈو نے کہا کہ یچوری کے فرزند آشیش کی ناگہانی موت سے انہیں شدید رنج ہواہے ۔نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سی پی آئی (ایم) کے سینئر لیڈر سیتا رام یچوری کے بیٹے کی کورونا سے موت واقع ہونے پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا۔پی ڈی پی لیڈر و سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر محبوبہ مفتی نے بھی سیتارام یچوری کے فرزند کے انتقال پر صدمہ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ سی پی آئی (ایم) جموں و کشمیر یونٹ کے سینئر لیڈر محمد یوسف تریگامی نے بھی سیتا رام یچوری کے بیٹے کی موت پر صدمے کا اظہار کیا ہے ۔