سید المرسلین سب کیلئے رحمت‘ حفظ ِ قرآن عظیم سعادت مندی

   


دِینی طلبہ کو فنی تعلیم اور دیگر علوم سکھانے پر بھی زور‘ قاضی پیٹ میں جشن آمد ِ رسولؐ و دستار بندی حفاظ‘ مولانا خسرو پاشاہ کا خطاب

ورنگل۔ 2؍اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ حضرت سید شاہ غلام افضل بیابانی الرفاعی القادری المعروف خسرو پاشاہ سجادہ نشین بارگاہ افضلیہ قاضی پیٹ نے طلباء اور ان کے سرپرستوں اور ناظم مدرسہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ قرآن کا حفظ کرلینا یہ ایک انتہائی سعادت مندی و خوش قسمتی کی بات ہے۔ حافظ قرآن اور ان کے والدین کو جو انعامات سے نوازا جائے گا وہ مبنی بر حقیقت ہے اور تاج و خلعت کا ملنا یقینی ہے۔ اللہ تعالی کا یہ کلام نہایت ہی افضل و اعلیٰ ہے۔ خسرو پاشاہ نے آج بھٹ پلی قاضی پیٹ میں منہاج القرآن ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیر اہتمام مدرسہ منہاج القرآن کے احاطہ میں منعقدہ ’جلسہ جشن آمد رسول ؐو دستار بندی ‘ پروگرام میں اپنی صدارتی خطاب کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوںنے کہاکہ بچوں کو حفظ کے ساتھ ساتھ کوئی ٹیکنیکل اور دیگر علوم بھی سکھایا جائے تاکہ وہ مستقبل میں مزید آگے بڑھ سکے۔ انہوںنے کہاکہ سینے میں قرآن کا رہنا کوئی معمولی بات نہیں۔ کئی حفاظ ڈاکٹر س اور انجینئرس بھی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ہم اپنی جان سے زیادہ محبت نہیں کریں گے تو ہمارا اِیمان نا مکمل ہے۔ر سول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نبیوں ،رسولوں اور فرشتوں کے لئے ،مومن اور کافروں کے لئے ،جنات اور انسانوں کے لئے، حیوانات و جمادات اور نباتات کے لئے الغرض عالم میں جتنی چیزیں داخل ہیں سید المرسلین صلی اللہ علیہ وسلم سب کے لئے رحمت ہیں۔ آپ کی شان مبارک ایسی شان ہے کہ آپ کی شان آپ ؐ کے پروردگار کے سوا کوئی اور نہیں بیان کرسکتا۔ انہوںنے کہاکہ صوفیاء کرام کی تعلیمات کو جب سے ہم بھول گئے ہیں۔ اس وقت سے ملک کے حالات مختلف ہوگئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ خانقاہوں سے ہی اسلام پھیلا ہے۔ انہوںنے طلباء کو سیر ت اولیاء کی تعلیم دینے پر زور دیا۔ کئی نوجوان ہیں جو دین سے آراستہ نہیں ہیں انہیں دین کی طرف راغب کرنا ضروری ہے۔ ان کو دین کا راستہ دکھانے کی ضرورت ہے۔ خانقاہیں ملک بھر میں کام کررہے ہیں۔ انہوںنے ان مشکل حالات میں مدرسہ چلانے پر مولانا غفار قریشی کی ستائش کی اور مدرسہ کی ترقی کے لئے دعاء کی۔ مولانا میر ادریس علی اعجاز بیابانی امام و خطیب مسجد نعمانیہ ہنمکنڈہ ، حضرت مولانا حافظ و قاری محمد خواجہ محی الدین صابری کامل الحدیث جامعہ نظامیہ ،مولانا ڈاکٹر قاری سید محمد عزیز الدین قادری خطیب جامعہ مسجد پرکال اور دیگر نے بھی مخاطب کیا۔ اس موقع پر مدرسہ سے حفظ قرآن کی تکمیل کرنے والے تین طلباء محمد عقیل ،محمد یعقوب ،محمد دلاور کی خسروپاشاہ کے ہاتھوں دستاربندی عمل میں لائی گئی۔ حافظ و قاری محمد ناصرجمالی کے قرآت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ مدرسہ ہذا کے طلباء نے نعت پیش کی۔ حافظ و قاری محمد عبدالغفار قریشی ناظم مدرسہ منہاج القرآن نے ہدیہ تشکر پیش کیا۔ آخر میں مولانا اعجاز بیابانی نے دعا کی۔ اس موقع پرمقامی افراد کی کثیر تعداد موجود تھی۔