سید تقی الدین جوائنٹ سکریٹری ضلع اولمپک اسوسی ایشن منتخب

   

محبوب نگر ۔ 24 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سید تقی الدین سابق سکریٹری جے پی آئی ٹی سی محبوب نگر کا بحیثیت جوائنٹ سکریٹری ڈسٹرکٹ اولمپک اسوسی ایشن محبوب نگر انتخاب عمل میں آیا۔ موصوف ڈسٹرکٹ ہینڈبال اسوسی ایشن محبوب نگر کے صدر ہیں۔ انہوں نے اپر پرائمری اسکول میں زمانہ طالب علمی سے ہی کھیل کود کے میدان میں دلچسپی لی اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انٹر ڈسٹرکٹ ٹورنمنٹ میں کئی ایک مقابلوں میں محبوب نگر کی ٹیم کی نمائندگی کی اور خطاب جیتے۔ 1992 میں متحدہ آندھرا پردیش کی نمائندگی کرتے ہوئے قومی سطح پر گولڈ میڈل حاصل کیا۔ موجودہ تلنگانہ ہینڈ بال (ریاستی) اسوسی ایشن کے ایگزیکٹیو ممبر بھی ہیں۔ نہ صرف ہینڈ بال بلکہ اسپورٹس کے تمام شعبوں میں وہ بالخصوص محبوب نگر کے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے آرہے ہیں۔ اب ڈسٹرکٹ اولمپک اسوسی ایشن کے عہدہ پر ان کے انتخاب سے محبوب نگر کے کھلاڑیوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے۔ رشتہ دار اور دوست احباب، کھیل کے میدان کی نمائندہ شخصیتوں نے ان کو مبارکباد دی اور نیک توقعات کا اظہار کیا ہے۔