بشنوپور ضلع کانگریس صدر کے انتخاب کیلئے مشاورت کا عمل مکمل ، ہائی کمان کا مثبت ردعمل
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : کانگریس کے سینئیر قائد و صدر نشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی نے دہلی کے کانگریس ہیڈ کوارٹر میں آل انڈیا کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارج تنظیمی امور کے سی وینو گوپال سے ملاقات کی اور منی پور کے ضلع بشنوپور کے کانگریس صدر کے انتخاب کے لیے مقامی کانگریس قائدین سے مشاورت کے بعد تفصیلی رپورٹ پیش کردی ۔ اس موقع پر منی پور کے اے آئی سی سی انچارج سپتا گیری انیال بھی موجود تھے ۔ واضح رہے کہ کانگریس ہائی کمان نے انہیں ضلعی کانگریس صدور کے انتخاب کے لیے منی پور کا مبصر مقرر کیا تھا ۔ پارٹی قیادت کی ہدایت پر سید عظمت اللہ حسینی دومرتبہ منی پور کے ضلع بشنوپور کا دورہ کیا ۔ دورے کے دوران انہوں نے بلاک ، اسمبلی اور ضلع سطح کے کانگریس قائدین کے ساتھ مشترکہ اور انفرادی طور پر ملاقاتیں کی ۔ ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر کے انتخاب کے سلسلے میں مختلف قائدین کی رائے حاصل کی ۔ بعد ازاں تمام مشاورت کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک رپورٹ تیار کی ۔ سید عظمت اللہ حسینی کا تعلق کانگریس کی طلبہ تنظیم این ایس یو آئی اور نوجوان ونگ یوتھ کانگریس سے رہا ہے ۔ وہ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری اور تشہیری کمیٹی کے کنوینر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں ۔ پارٹی قیادت نے ان کی تنظیمی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے انہیں اس سے قبل بھی مختلف ریاستوں کی ذمہ داریاں سونپی تھی ۔ اس سلسلے میں انہیں چھتیس گڑھ اور تاملناڈو میں بھی ضلعی صدور کے انتخاب کے عمل کی نگرانی کیلئے انچارج مقرر کیا گیا تھا ۔۔ 2