کوالالمپور میں اسلامک بینکنگ سمٹ، وزیراعظم ملایشیا انور ابراہیم ، سابق صدر مالدیپ محمد وحید حسان اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد ۔ 11 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے اسلامک بینکنگ فینانس کے ماہر جناب سید موسیٰ کلیم فلاحی کو ملایشیا کے کوالالمپور میں منعقدہ گلوبل اسلامک فینانس سمٹ میں گلوبل اسلامک فینانس ایوارڈ 2025 سے سرفراز کیا گیا ۔ مالدیپ کے سابق صدر ہز ایکسلینسی محمد وحید حسان نے یہ ایوارڈ پیش کیا۔ سمٹ میں ملایشیا کے وزیراعظم ہز ایکسلینسی انور ابراہیم کے علاوہ ڈپٹی پرائم منسٹر ملایشیا احمد زاہد حامدی اور دیگر عالمی شخصیتوں نے شرکت کی ۔ ہر سال انٹرنیشنل اسلامک فینانس کمیٹی کی جانب سے گلوبل اسلامک فینانس سمٹ کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں مختلف ممالک میں بینکوں اور فینانشیل انسٹی ٹیوشن سے وابستہ شخصیتوں کو اسلامک بینکنگ کے شعبہ میں نمایاں خدمات پر ایوارڈ پیش کئے جاتے ہیں۔ کوالالمپور میں منعقدہ ایک سمٹ میں دنیا بھر کے نامور اسلامک بینکنگ اداروں نے شرکت کی۔ ملایشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے بینکوں اور معاشی اداروں پر زور دیا کہ وہ اسلامک بینکنگ کو فروغ دینے میں اہم رول ادا کریں۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے سید موسیٰ کلیم فلاحی ابو ظہبی کے سراج فینانس میں چیف بزنس اینڈ انویسٹمنٹ آفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ گزشتہ 20 برسوں سے انہیں اسلامک بینکنگ کا وسیع تجربہ ہے اور انہوں نے ریٹیل اور چھوٹے اور متوسط شعبہ جات میں اسلامک پراڈکٹس کو متعارف کیا ۔ سید موسیٰ کلیم، سابق سکریٹری جماعت اسلامی ہند جناب سید یوسف مرحوم کے فرزند ہیں ۔ وہ اسلامک بینک آف افغانستان کے صدر اور چیف اگزیکیٹیو آفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں اور انہوں نے افغانستان کے بڑے شہروں میں اسلامک بینکنگ کے ادارے قائم کئے ۔ وہ دبئی اسلامک بینک سے بھی وابستہ رہے۔ گلوبل اسلامک بینکنگ سمٹ میں بحرین کی بینکنگ شعبہ کی نامور شخصیت شیخ ابراہیم بن خلیفہ نے بھی شرکت کی ۔ سمٹ میں اسلامک بینکنگ کے فروغ اور عالم اسلام کو اسلامی مالیاتی نظام کے ذریعہ مختلف شعبہ جات میں رہنمائی کا جائزہ لیا گیا۔1