اسلامی اقدار کو اپنائیں ، اقامت دین کو نصب العین بنائیں ، نظام آباد میں جماعت اسلامی کا جلسہ عام ، مقررین کا خطاب
نظام آباد۔ 30 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)جماعتِ اسلامی ہند نظام آباد کے زیراہتمام کیڈر میٹ جلسے عام کا انعقاد ناظم ضلع اربن عبدالرحمن داؤدی کی نگرانی میں این این فنکشن ہال، بودھن روڈ پر بروز اتوار صبح 10 بجے تا عصر منعقد ہوا۔پروگرام کا آغاز احمد عبدالعظیم کے پراثر درسِ قرآن سے ہوا۔ بعد ازاں‘‘ہمارا منصبی فریضہ: اقامتِ دین’’کے عنوان پر حافظ ارشاد الدین (معاون امیرِ حلقہ) نے نہایت مؤثر انداز میں خطاب فرمایا۔اسی سلسلے میں جناب نصیر الدین (جنرل سکریٹری جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ) نے‘‘جماعت اسلامی کا مقصد اور طریقکار’’پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جماعت کا ہر فرد اقامتِ دین کے مشن میں اپنا حصہ پوری ذمہ داری سے ادا کرے۔ضلع کی نو جماعتوں کے امرائے مقامی نے اپنی کارکردگی رپورٹس پیش کیں، جن میں یعقوب پورہ کے عبدالستار امجد، احمد پورہ کے عبدالرحیم، حبیب نگر کے محمد غوث پاشا، احمدی بازار کے محمد خالد، آرمور کے اسلم بن محسن، بودھن کے عبدالجبار، ساٹاپور کے خواجہ صاحب، بھمگل کے عبدالوحید اور کاماریڈی کے سید اسماعیل شامل تھے۔امیرِ حلقہ مولانا محمد اظہر الدین نے رپورٹس سماعت فرما کر تبصرہ کیا کہ جماعتِ اسلامی ضلع نظام آباد منظم انداز میں دعوت، تربیت، خدمتِ خلق اور تنظیم کے میدانوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے۔انہوں نے کہا:‘‘اقامتِ دین کے نصب العین کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنی مصروف زندگیوں میں سے وقت نکال کر اللہ کے دین کے قیام کی جدوجہد میں حصہ لیں۔ یہی ہماری اصل کامیابی ہے۔’’دوپہر کی نشست میں مرزا جاوید احمد بیگ عمری کے درسِ حدیث کے بعد‘‘اخلاص و للہیت’’کے موضوع پر منظور محی الدین (ناظم ضلع رورل) نے پرجوش خطاب کیا۔شام کے وقت بعد نمازِ مغرب مسجد یعقوب نظام آباد میں ایک عظیم الشان جلسہ عام بعنوان‘‘معاشرتی بے راہ روی — اسباب و علاج’’منعقد ہوا۔امیرِ حلقہ مولانا محمد اظہر الدین نے اپنے ایمان افروز خطاب میں فرمایا اور کہا کہ سیرتِ نبوی ﷺ پر چلنے والا معاشرہ کبھی زوال پذیر نہیں ہوسکتا۔ صدیوں کی سیاسی کمزوری کے باوجود مسلم امت نے اخلاقی بلندی اور معاشرتی کردار میں ہمیشہ مثال قائم رکھی ہے۔’’مولانا نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ اپنی زندگیوں کو سیرتِ رسول ﷺ کے مطابق ڈھالیں، اسلامی اقدار کو اپنائیں اور اپنے دین و تہذیب سے آگاہی حاصل کریں۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ آج کے نوجوان غیر اسلامی طرزِ زندگی، وقت گزاری اور دین سے غفلت میں مبتلا ہوچکے ہیں، جس کی اصلاح کے لیے والدین، اساتذہ، علما اور مشائخ کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی۔انہوں نے کہا:‘‘اگر ہم امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے فریضے کو زندہ کریں تو معاشرے میں حیا، عدل، احترام، تحفظ اور فلاح و سعادت کی اقدار خود بخود پروان چڑھیں گی۔’’قبل ازیں حافظ محمد رشاد الدین (معاون امیرِ حلقہ) نے اپنے تذکیری خطاب میں کہا کہ رسول اکرم ﷺ کی پاکیزہ سیرت گواہ ہے کہ اصلاحِ معاشرہ صرف سیرتِ نبوی کے طریقے سے ممکن ہے۔قرآنِ کریم کی تلاوت برادرم سید شجاعت علی نے کی۔ پروگرام کے آخر میں عبدالستار خان امجد (امیرِ مقامی یعقوب پورہ) نے مہمانان و شرکائے پروگرام کا شکریہ ادا کیا۔