گلبرگہ میں 5 ویں سیرت النبی تحریری مقابلے، ڈاکٹر اصغر چلبل اور مختلف علماء کا خطاب
گلبرگہ۔ 17 دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) موجودہ حالات میں جبکہ اسلام مخالف سازشوں اور منفی پروپیگنڈہ کیلئے شدت سے کام لیا جارہا ہے ہمیں سیرت و تعلیمات نبوی کو بڑے پیمانہ پر عام کرنے اور دین پر مضبوطی سے قائم رہنے کی ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر محمد اصغر چلبل چیرمین سیرت النبی مقابلہ جات و سیرت النبی اسٹڈی اینڈ ریسرچ سنٹر کرناٹک نے کیا ہے۔ وہ مرکزی سیرت کمیٹی ضلع گلبرگہ آل انڈیا ملی کونسل ضلع گلبرگہ کے زیر اہتمام منعقدہ 5 ویں سیرت النبی مقابلہ جات کے سلسلہ میں تحریری و تقریری مقابلہ جات کے افتتاحی اجلاس کو مخاطب کررہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیرت النبی مقابلہ جات کو تعلقہ جات کی سطح پر منعقد کرنے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔ اگلے سال سیرت النبی مقابلہ جات گلبرگہ شہر کے علاوہ گلبرگہ ضلع کے تعلقہ جات کی سطح پر بھی منعقد کئے جائیں گے مولانا جاوید عالم قاسمی خطیب و امام مسجد قبا مدرسہ ضیاء العلوم گلبرگہ مولانا مفتی حافظ محمد اویس قادری چیرمین الحسن اسلامک اکاڈمی گلبرگہ مولانا حافظ محمد جمال الدین صدیقی ٹورس اینڈ ٹراویلس گلبرگہ و دیگر مہمانان خصوصی نے اظہار خیال کرتے ہوئے سیرت طیبہ کو ساری انسانیت کیلئے بہترین نمونہ عمل قرار دیا، علمائے کرام اور دانشوران نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ کسی واقعہ پر فوری جذباتی ردعمل سے اجتناب کریں۔ مکہ مکرمہ میں کفار و مشرکین کی سازشوں ظلم و تشدد کے جواب میں نبی کریم نے ہمیشہ صبر و تحمل اور صلہ رحمی کا مظاہرہ کیا حالانکہ صحابہ کا ایک گروہ نبی کریم کے حکم کا منتظر رہتا کہ اگر وہ حکم کریں تو کفار ومشرکین کو سبق سکھائیں لیکن نبی کریم نے کبھی ایسا حکم نہیں دیا مسلمانوں کے اسی طرز عمل سے اسلام دنیا میں تیزی سے پھیلا اور دنیا کا دوسرا بڑا مذہب بن گیا انشاء اللہ یہ غالب ہوکر رہے گا۔ علما و دانشوران نے طلبا و طالبات اور نئی نسل کو قرآن و سیرت طیبہ سے واقف کروانے کیلئے ڈاکٹر محمد اصغر چلبل کی کاوشوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ سیرت النبی مقابلہ جات نہایت کامیاب اور نتیجہ خیز ثابت ہورہے ہیں ڈاکٹر اصغر چلبل نے طلبا و طالبات میں دینی شعور بیدار کرنے سیرت طیبہ اور اسلامی معلومات سے واقف کروانے بہترین پلیٹ فارم مہیا کروایا ہے موجودہ دور میں ہماری نوجوان نسل اور معصوم بچے موبائل کے عادی ہوکر اپنا وقت ضائع کررہے ہیں اور بے راہ روی کا شکار ہو رہے ہیں دین بیزاری کے موجودہ ماحول میں طلبا و طالبات کیلئے سیرت النبی تحریری تقریری حسن قرات حفظ احادیث قرآن کوئز اور نعت خوانی مقابلہ جات کے انعقاد سے نئی نسل میں دین کو سمجھنے کا شوق اور ایمانی جذبہ پیدا کرنے میں اہم رول ادا کررہے ہیں۔ مولانا محمد غوث الدین قاسمی مولانا شفیق قاسمی مولانا محمد جیلانی باقوی مولانا عبد الحمید باقوی قاسمی معارفی مولانا شیخ سلیم الدین نظامی مولانا مظہر القادری مولانا صابر لطیفی مولانا قاسم الجنیدی مولانا حافظ محمد ہاشم نظامی مولانا محمد جعفر مولانا محمد الیاس مولانا محمد رضوان مولانا حافظ محمد سہیل مولانا مفتی محمد شاہد اقبال مولانا محمد جاوید مولانا محمد یوسف قریشی مولانا شیخ شاہ ولی مولانا محمد ساجد شہ نشین پر تشریف فرما تھے۔