بھونگیر میں سیرت کوئز مقابلے، عنقریب انعامات کی تقسیم، مقررین کا خطاب
بھونگیر۔/5 اکٹوبر( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)بھونگیر میں آج انتظامی کمیٹی جمیعت الانصار ونوجوانان محلہ جلیل پورہ کے زیراہتمام جشن عیدمیلادالنبیؐ کے ضمن میں سیرت مصطفے ؐ کوئیز مقابلہ تحریری امتحان کا قدیم جامعہ اسلامیہ عربیہ اسکول میں انعقاد عمل میں آیا۔جس میں 100 زائد امیدواروں نے امتحان تحریر کیا۔اس موقع پر صدر کمیٹی اقبال چودھری،خازن کمیٹی عبدالرحیم الدین،رکن کمیٹی محمد شجاع الدین کہا کہ ملت کے نونہالوں میں دینی معلومات کی فراہمی اور سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم سے واقفیت کیلئے یہ امتحان منعقد کیا گیا ہے۔اگر آج کی نسل نو کو دین سے متعلق واقفیت نہیں کرایا گیا توان کا مستقبل تاریک ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ عصری تعلیم میں مصروف امت کے نونہالوں کو دینی تعلیم اور نبی کریمؐ کی سیرت اور سنت نبویؐ سے واقفیت کروانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اس طرح کے امتحانات کے ذریعہ ملت میں دینی شعور کو فروغ دیا جارہا ہے تاکہ طلبہ دین سمجھیں۔کم عمری میں ہی بچوں میں دینی ماحول کو فروغ دینا ضروری ہے ورنہ یہ بچے دین سے دور ہوجائیں گے اور یہ ملت کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔بچوں کو عصری تعلیم کے ساتھ دین کی طرف مائل کرنے کے مقصد کے تحت انتظامی کمیٹی جشن عیدمیلادالنبیؐ کے ضمن میں اس تحریری امتحان کا انعقاد عمل میں لایا گیا ہے۔قائدین نے کہا کہ اس تحریری امتحان میں کامیاب طلبہ کو توصیف نامہ اور انعامات دئے جائیں گے۔اس موقع پر انتظامی کمیٹی کے نائب صدرمصطفے قادری، نائب معتمداقبال احمد ، حسن الدین،فرقانَ ،اسحاق،مولانا شعیب الرحمن رضوی،مولانا غلام دستگیر رضوی اور دیگرموجود تھے۔