کریم نگر میں جمعیۃ الحفاظ کے زیراہتمام جلسہ، کثیر تعداد میں برادران وطن کی شرکت، علماء کا خطاب
کریم نگر 2 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے جمعیۃالحفاظ کریم نگر کے زیر اہتمام منڈل اور دو دیہاتوں رامڑگو، پیگڑاپلی اور دونتہ پور میں جلسہ ہائے سیرت النبی ﷺ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ حافظ احمد منقبت شاہ خان صدر قاضی وصدرجمعیۃالحفاظ کریم نگر نے کہا کہ پیا رے نبی ﷺ کوتمام عالم کے لئے رحمت بناکر بھیجا گیا، بعثت ِ نبوی ﷺسے قبل معاشرہ کا ہر طبقہ ظلم وزیادتی کا شکار تھا ،انسانی اقدار کا نام ونشان نہیں تھا،دنیا اخلاقی پستی کا شکار تھی،ہر طرف اندھیرا ہی اندھیرا تھا،بدامنی کا دور دورہ تھا،ایسے خطرناک معاشرہ میں آقاﷺ کی بعثت ہوئی اور آپ ﷺنے دنیا کے نقشہ کو بدل کر اور انسانوں کی کایا کو پلٹ کررکھ دیا،انسانیت کو ظلم وزیادتی سے نجات دلائی، اخوت ومحبت کا درس دیا،اخلاق کے بلند درجات بتلائیں،ہر کسی کے ساتھ حسن سلوک کا سبق پڑھایا ،اسی لئے تو ہم کہتے ہیں کہ اسلام امن پسندی،محبت وبھائی چارگی کی تعلیم دینے والا مذہب ،اسلام برادران وطن کے ساتھ عدل و انصاف اور نیک برتاؤ سے منع نہیں کرتا ، بلکہ جہاں بندوں کے آپسی تعلقات اور ان کے درمیان صلہ رحمی اور حسن سلوک کا تعلق ہے تو قرآن مجید نے مسلم اور غیرمسلم کی تفریق نہیں کی۔ نبی اکرم ﷺ غیرمسلموں کے ساتھ ملاقات کرتے ، مصافحہ فرماتے ، خیریت دریافت کرتے ، ان کی دعوتوں کو قبول فرماتے ، ان کی مہمان نوازی فرماتے اور ان کی عیادت بھی فرماتے۔ہمیں بھی چاہئے کہ ہم اپنے دین ، مذہب پر سختی کے ساتھ کاربند رہتے ہوئے ، اپنے تشخص و امتیاز کو برقرار رکھتے ہوئے ، غیرمسلم برادران وطن و ہمسایہ پڑوسیوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو استوار رکھیں۔ ایک دوسرے کے قریب ہوں اور ظلم و ستم ، شر و فساد ، فتنہ و شرانگیزی اور بدامنی کے خلاف متحدہ طورپر جدوجہد کریں۔حافظ محمد ضیاء اللہ خان نائب صدرجمعیۃالحفاظ کریم نگر نے کہا کہ خدمتِ خلق کیمیدان میں رسول اللہ ﷺ نے رشتے داروں،پڑوسیوں کا ہمیشہ خیال رکھا، ان کے ساتھ حسبِ مراتب معاملہ کیا، ان کے حقوق کی ادائیگی میں پیش پیش رہے، یتیموں، بیوائوں اور بے نواؤں کی خبرگیری کی اور ان کی امداد فرمائی،بے روزگاروں کی مالی مدد اور مظلوموں، مصیبت زدہ لوگوں کی دست گیری فرمائی اور نبوت کے ساتھ سرفراز کیے جانے سے پہلے بھی مکہ میں امن و امان کے قیام کے لیے کی جانے والی جدوجہد میں آپﷺ برابر شریک رہے۔حافظ محمد وسیم الدین معتمدجمعیۃ الحفاظ کریم نگر نے کہا کہ د نیا والوں کے سامنے پیارے آقا ﷺ کی سیرت کو اچھے انداز میں پیش کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اورآپ ﷺ کی حیات طیبہ کو عملی طور پر اختیار کرکے اس کی دلیل پیش کرنا چاہیے ،اور سیرت کے پیغام کو انسانیت تک پہنچانے اور تعلیمات ِ نبوی ﷺ کو عام کرنے کے لئے یہ بھی ضروری ہے کہ اپنے گھرانوں کو سنت کے سانچے میں ڈھالیں ،اپنی اولاد کو دینی تربیت سے آراستہ کریں ، ان کے دل میں محبت رسول اور اتباع ِ سنت کے جذبات کو فروغ دیں ،اخلاق و کردار ،رحم دلی و شفقت ،خیرخواہی اور ہر ایک کی ہمدردی کا مظاہر ہ کریں۔مولانا عبد المجیب قاسمی امام وخطیب محمد ی مسجد کریم نگر نے تلگو زبان میں خطاب کیا اور ڈاکٹر عبدالقدوس صاحب ،حافظ فرید الدین امجد نائب خازن جمعیۃالحفاظ نے بھی اجلاس سے خطاب کیا،اس موقع پر برادران وطن کثیر تعداد میں موجود تھے اور انہوں نے بے حد خوشی کا اظہار کیا اور یہ کہا کہ اس قسم کے پروگرام ہندو مسلم بھائی چارگی کو فروغ دینے والے ہیں ایسے اور بھی اجلاس منعقد ہونے چاہیے تاکہ ہم میں قربت بڑھے اور فرقہ پرستوں کو جواب دیا جاسکے۔اسی دن پیگڑا پلی میں بھی جمعیۃالحفاظ کریم نگر کے زیر اہتمام جلسہ سیرت النبی ﷺ منعقد ہوا جس میں حافظ سید رضوان فلاحی سکریٹریجمعیۃالحفاظ ،حافظ صادق علی احمدسکریٹری ،حافظ محمد معظم حسین فیضی خازن نے شرکت کی اور سیرت النبی ﷺ کے عنوان پر خطاب کیانیز دونتہ پور میں بھی سیرت النبی ﷺ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ذمہ دارانجمعیۃالحفاظ شریک ہوئے اور مسلم وغیر مسلم کثیر تعداد میں موجود تھے۔