مانچسٹر۔11 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز کے چوتھے مقابلے میں 185 رن کی شکست کے بعد انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے کہا کہ اگر اسٹیون اسمتھ کو ہٹا دیا جائے تو کارکردگی کے لحاظ سے دونوں ٹیمیں ایک جیسی ہیں۔اسمتھ نے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس مقابلے میں انہوں نے پہلی اننگز میں 211 اور دوسری اننگز میں 82 رنز بنائے۔ اسمتھ اس سیریز میں اب تک تین ٹسٹ میچوں میں 671 رن بنا چکے ہیں جس میں تین سنچریاں اور دونصف سنچری شامل ہیں۔ ان تین سنچریوں میں چوتھے ٹیسٹ کی ڈبل سنچری بھی شامل ہے۔ اسمتھ کے بعد دوسرے نمبر پر انگلینڈ کے بین اسٹوکس ہیں جن کے چار میچوں میں 354 رنز ہیں۔روٹ نے کہاکہ میرے خیال سے یہ کافی اچھا ٹسٹ میچ تھا اور پچ بھی اچھی تھی۔ اس میچ میں ٹاس کا اہم کردار تھا لیکن ہم ٹاس ہار گئے۔ اس میچ کو جیتنے کا سہرا مکمل طور پر آسٹریلیا کی ٹیم کو جاتا ہے۔ اسمتھ اور پین کے درمیان اچھی شراکت ہوئی۔ ہم اتنا اچھا نہیں کر سکے جیسا ہمیں کرنا چاہئے تھا۔ اسمتھ کے فارم میں رہنے کے وقت انہیں بولنگ کرنا آسان نہیں ہے۔ اپنے مواقع سے فائدہ اٹھانے پڑتے ہیں اور ہم ایسا کرنا میں ناکام رہے جس کا خمیازہ ہم نے بھگتا۔انہوں نے کہاکہ پیٹ کمنز نے صحیح جگہ بولنگ کی۔