مانچسٹر۔11 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ کو ایشز ٹسٹ کے چوتھے میچ میں شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کرنے کے بعد آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیون اسمتھ نے کہا کہ ایشز جیتنا ٹیم کے لئے خاص ہے۔آسٹریلیا نے انگلینڈکو چوتھے ٹسٹ میں185 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی اور ایشز پر اپنا قبضہ برقرار رکھا۔ اسمتھ نے اس میچ کی پہلی اننگز میں 211 اور دوسری اننگز میں 82 رنز بنائے تھے جس کے لئے انہیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔اسمتھ نے میچ کے بعد کہاکہ ایشز پر قبضہ برقرار رکھنا خوشگوار تجربہ ہے۔ یہ جیت ٹیم کے لئے خاص ہے۔ میں کچھ وقت سے یہاں کھیل رہا ہوں اور چیزیں ہمارے موافق نہیں تھیں۔ 2013 اور 2015 میں ہم نے امید کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا تھا۔ میں صرف یہاں زیادہ سے زیادہ رنز بنانا چاہتا تھا۔انہوں نے کہاکہ اب سیریز کا ایک میچ باقی ہے اور ظاہری طور پر ہم یہ مقابلہ جیتنا چاہتے ہیں۔ میں ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔ کھلاڑی تھوڑے تھکے ہوئے تھے لیکن انہیں پتہ تھا کہ نئی گیند سے ہم اچھاکر سکتے ہیں۔ اس کامیابی کا سہرا ٹیم کے کھلاڑیوں کو جاتا ہے، جس طرح انہوں نے کارکردگی کا مظاہرہ کیا اس سے آخر میں بہتر نتائج ملے۔اسمتھ نے اپنی کارکردگی پر کہاکہ میں اپنی کارکردگی سے خوش ہوں۔