نئی دہلی 10 مئی( یو این آئی )ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فوجی کارروائی روکنے کے اتفاق پر ہندستان نے واضح کیا ہے کہ یہ معاہدہ صرف فوجی کارروائی تک محدود ہے اور ہندوستان کی جانب سے سندھوواٹر ٹریٹی پابندی سمیت تمام پابندیاں برقرار رہیں گی۔ فوجی کارروائی روکنے کوئی شرائط عائد نہیں کی گئیں اور یہ معاہدہ بغیر کسی پیشگی یا بعد کی شرائط کے طے پایاہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سندھو طاس معاہدہ معطل رہے گا اور دیگر پابندیاں بھی برقرار رہیں گی۔ دہشت گردی پر ہندوستان کا نظریہ پہلے جیسا ہی ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان کسی تیسرے فریق کے ساتھ کسی تیسرے مقام پر مذاکرات کیلئے کوئی شرائط نہیں رکھی گئی ہیں۔
سیز فائر کے باوجود سری نگر میں دھماکے، کئی علاقوں میں بلیک آؤٹ
سری نگر،10مئی(یو این آئی) سری نگر سمیت وادی کے مختلف علاقوں میں ہفتے کی شام زور دار دھماکوں کی آوازوں نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ مقامی لوگوں کے مطابق یہ دھماکے اتنے شدید تھے کہ کھڑکیاں لرز اٹھیں اور کئی علاقوں میں فوراً بلیک آؤٹ کر دیا گیا۔ حالانکہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سیز فائر کا اعلان ہو چکا ہے اس کے باوجود دھماکوں سے عوام میں دہشت پھیل گئی۔ حکام کی جانب سے ان دھماکوں کی نوعیت یا وجہ کے حوالے سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ۔