سیسوڈیا کو ماخوذ کرنے دباؤ پر سی بی آئی آفیسر کی خودکشی

,

   


جتیندر کمار اینٹی کرپشن برانچ میں ڈپٹی لیگل ایڈوائیزر تھے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر دہلی کا اظہارافسوس

نئی دہلی : ڈپٹی چیف منسٹر دہلی منیش سیسوڈیا نے آج الزام عائد کیا کہ سی بی آئی کی اینٹی کرپشن برانچ کے ڈپٹی لیگل ایڈوائیزر نے دو روز قبل خودکشی کرلی کیونکہ اُن پر میرے خلاف جھوٹا کیس بنانے کیلئے حد درجہ دباؤ تھا ۔ سیسوڈیا نے یہاں پریس بریفنگ میں بتایا کہ دو روز قبل ایک سی بی آئی آفیسر نے خودکشی کرلی ۔ معلوم ہوا ہے کہ آفیسر جتیندر کمار اینٹی کرپشن برانچ سے وابستہ تھے ۔ وہ میرے خلاف فرضی ایف آئی آر کی قانونی حیثیت کا جائزہ لے رہے تھے ۔ اُن پر دباؤ ڈالا جارہا تھا کہ غیرقانونی انداز میں میرے خلاف کیس بناتے ہوئے میری گرفتاری کا جواز پیدا کیا جائے ۔ سیسوڈیا نے دعویٰ کیا کہ جتیندر کمار ذہنی دباؤ کو برداشت نہیں کرسکے اور دو روز قبل اُنھوں نے خودکشی کرلی ۔ یہ واقعی بدبختانہ واقعہ ہے ، مجھے گہرا دکھ ہے ۔ گزشتہ ماہ سی بی آئی نے سیسوڈیا کی دہلی کی قیامگاہ پر دھاوا کیا تھا جبکہ دہلی ایکسائیز پالیسی کو وضع کرنے اور اُس پر عملدرآمد میں مبینہ بے قاعدگیوں کی تحقیقات کے سلسلے میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی ۔ نائب وزیراعلیٰ نے وزیراعظم نریندر مودی کو بھی نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ صرف ایم ایل ایز کو توڑتے ہوئے غیر بی جے پی ریاستوں میں حکومتوں کو غیرمستحکم کرنے کی فکر میں رہتے ہیں ۔ ’’میں وزیراعظم سے تین سوالات پوچھنا چاہتا ہوں : کیوں عہدیداروں پر بھی اس قدر دباؤ ہے کہ وہ خودکشی کرنے پر مجبور ہورہے ہیں ؟کیا مرکز کی ذمہ داری صرف آپریشن لوٹس چلانا ہی ہے ؟ اور کتنی قربانیاں ہوں گی کہ عوام کی منتخبہ حکومتوں کو زوال سے دوچار کیا جائے ؟‘‘۔ سیسوڈیا نے کہا کہ جتیندر کمار کی موت نہایت افسوسناک ہے ، اُن کی فیملی سے میں اظہارتعزیت کرتا ہوں ۔ میں وزیراعظم سے کہنا چاہتا ہوں کہ مجھے پھانسنا چاہیں تو پھانسیں، گرفتار کرنا چاہیں تو گرفتار کریں لیکن اس طرح کے افسروں پر حد سے زیادہ نہ ڈالیں ۔