سیسوڈیا کی عدالتی حراست میں یکم مئی تک توسیع

   

نئی دہلی: دہلی شراب پالیسی 2021-22 میں مبینہ بے ضابطگیوں کے سلسلے میں سینٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی طرف سے الگ الگ گرفتاریوں کے بعد عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور دہلی کے نائب وزیراعلی منیش سیسوڈیا کی حراست میں آج یکم مئی تک کی توسیع کر دی گئی۔ایم کے ناگپال کی خصوصی عدالت نے ای ڈی کے ذریعہ درج منی لانڈرنگ کیس میں مسٹر سیسوڈیا کی عدالتی تحویل میں توسیع کا یہ حکم سنایا ۔خصوصی عدالت نے قبل ازیں 5 اپریل کو ای ڈی کی درخواست پر ان کی عدالتی تحویل میں 17 اپریل تک توسیع کی تھی۔اس سے پہلے 3 اپریل کو اس عدالت نے ملزم لیڈر کو سی بی آئی کے ذریعہ درج کیس میں 17 اپریل تک عدالتی حراست میں بھیجنے کا حکم دیا تھا۔ خصوصی عدالت نے 31 مارچ کو ایکسائز پالیسی میں مبینہ بے ضابطگیوں کے سلسلے میں سی بی آئی کی طرف سے درج ایف آئی آر میں مسٹر سیسوڈیا کی ضمانت کی عرضی کو مسترد کر دیا تھا۔اس کے بعد انہوں نے دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ دہلی ہائی کورٹ نے مسٹر سیسوڈیا کی ضمانت کی عرضی پر 6 اپریل کو سی بی آئی کو نوٹس جاری کیا تھا۔ سی بی آئی کو دو ہفتوں کے اندر اپنا جواب داخل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ہائی کورٹ کے جج جسٹس دنیش کمار شرما کی سنگل بنچ نے کہا کہ وہ 20 مارچ کو اس معاملے کی اگلی سماعت کرے گی۔