سیف آباد پولیس سے وابستہ ہیڈ کانسٹیبل کورونا وائرس سے متاثر

   

حیدرآباد 6 اپریل (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کے پازیٹیو کیسیس میں آئے دن اضافہ دیکھا جارہا ہے لیکن آج اِس وباء سے ایک پولیس ملازم بھی متاثر ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سیف آباد پولیس اسٹیشن سے وابستہ 56 سالہ مسلم ہیڈ کانسٹبل جو تلگو تلی فلائی اوور (ٹینک بینڈ) پر واقع پولیس چیک پوسٹ پر تعینات تھا، آج اچانک طبیعت بگڑنے کے نتیجہ میں اس کا نظام انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس میں طبی معائنہ کیا گیا جس میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا پتہ چلا۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ ہیڈ کانسٹبل پنجہ گٹہ کا ساکن ہے اور طبی و جی ایچ ایم سی عملہ نے قریبی ربط میں رہنے والے 7 افراد خاندان کی بھی نشاندہی کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس چیک پوسٹ پر تعینات 12 پولیس ملازمین کو بھی کورنٹائن میں بھیجنے کی تیاری کی جارہی ہے۔