ڈھاکہ ۔29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) ٹسٹ سیریز کیلئے ہندوستان دورے پر آئی بنگلہ دیشی ٹیم کے کرکٹر سیف حسن پر ویزا کی مدت ختم ہونے کے باوجود ہندوستان میں رکنے کے الزام میں 21600 روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ سیف کو وطن لوٹنے کے وقت کولکتہ ایرپورٹ پر پکڑا گیا اور ان پر جرمانہ عائد کیا گیا۔ حسن بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے ساتھ بطور اضافی اوپنر ہندوستان دورے پر آئے تھے۔ ہندوستان کی میزبانی میں ہوئی دو میچوں کی ٹسٹ سیریز میں مہمان ٹیم 0-2 سے ہارگئی تھی۔ اس سیریز کا دوسرا میچ دونوں ٹیموں کے لیے تاریخی تھا ، جسے پہلی مرتبہ گلابی گیند سے ڈے نائٹ شکل میں کھیلا گیا تھا۔ سیف اگرچہ ہاتھ میں چوٹ کی وجہ سے کولکاتہ میں ہوئے ڈے نائٹ ٹسٹ میں نہیں کھیل سکے تھے، لیکن سریز ختم ہونے کے بعد بھی وہ ٹیم کے کچھ کھلاڑیوں کے ساتھ یہاں رک گئے جبکہ ان کا چھ ماہ کا ویزا پہلے ہی ختم ہوگیا تھا۔ غورطلب ہے کہ بنگلہ دیشی کرکٹر دوسرے میچ کے اختتام کے دن ہی مختلف گروپ میں وطن واپس چلے گئے تھے۔ یہ میچ ڈھائی دن سے بھی کم وقت میں ختم ہو گیا تھا ، جسے بنگلہ دیش نے اننگز اور 46 رنز سے گنوایا تھا۔ بنگلہ دیش کی باقی ٹیم اور سیف کو پیرکو وطن لوٹنا تھا ، لیکن نوجوان کھلاڑی کو دم دم ایرپورٹ پر زیادہ وقت رکنے کے الزام میں پکڑ لیا گیا۔ سیف کے پاس جون میں جاری ہندوستانی ویزا ہونے کے سبب باقی کھلاڑیوں کی طرح بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے انہیں نیا ویزا جاری نہیں کیا تھا۔یاد رہے کہ بنگلہ دیش نے اپنے حالیہ دورہ ہند پر 3 ٹی 20 اور دو ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کھیلی تھی۔