سیف علی خان کیس ، فنگر پرنٹس نے معاملے کو الجھا دیا

   

ممبئی: بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر مبینہ قاتلانہ حملے کے کیس نے ایک نیا موڑ اختیار کرلیا ہے۔ کیس میں یہ اہم بات سامنے آئی ہے کہ پولیس نے واردات کے بعد سیف کی رہائش گاہ سے فنگر پرنٹس کے جو نمونے حاصل کئے تھے، وہ گرفتار ملزم کے فنگر پرنٹ سے میل نہیں کھا رہے ہیں۔ سیف حملہ کیس میں ممبئی پولیس انکوائری نئے موڑ میں داخل ہوگئی اور اب معاملہ فنگر پرنٹس کے گرد گھوم رہا ہے۔ اداکار کے گھر سے فنگر پرنٹس کے 19 سٹ میں سے کوئی بھی مبینہ ملزم شریف الاسلام کے فنگر پرنٹس سے میل نہیں کھاتے۔ سی آئی ڈی نے ممبئی پولیس کو اس بارے میں باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے۔ لیکن کہانی یہاں ختم نہیں ہوتی۔ پولیس نے مزید نمونے بھی جانچ کیلئے بھیجے ہیں، گویا اور پردے اٹھنا باقی ہیں۔ 54 سالہ اداکار پر 15 جنوری کو رات دیر گئے مبینہ قاتلانہ حملہ ہوا جب ایک شخص ان کے گھر میں گھس آیا اور مزاحمت پر سیف علی خان پر چاقو سے وار کئے تھے۔ اداکار کو چھ زخم آئے تھے، جن میں سے ایک ان کی ریڑھ کی ہڈی پر تھا۔ سیف کو فوری طور پر لیلاوتی ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں اُن کا بروقت علاج ہوا۔