ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار سیف علی خان کو آج ممبئی کے لیلاوتی ہاسپٹل سے ڈسچارج کردیا گیا اور وہ بخیر و عافیت اپنے گھر واپس پہنچ گئے۔ اداکار پر 16 جنوری کی صبح قاتلانہ حملہ کیا گیا تھاجس کے بعد انھیں ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا۔ ہاسپٹل کے ڈاکٹروں نے آج صبح بتایا تھا کہ سیف علی خان کی حالت اب بہتر ہے اور انھیں مزید علاج کے لیے ہاسپٹل میں رہنے کی ضرورت نہیں۔ ڈاکٹروں نے کہا تھا کہ اگر ان کے ارکان خاندان انھیں گھر لے جانا چاہتے ہیں تو کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ اس کے بعد سیف علی خان کو گھر لے جانے کے انتظامات شروع کر دیے گئے۔ سیف علی خان کی اہلیہ کرینہ کپور نے سخت سیکورٹی کے درمیان انھیں گھر پہنچایا۔سیف علی خان پر 16 جنوری کو حملہ آور نے چاقو سے حملہ کیا تھا جس میں وہ شدید زخمی ہو گئے تھے۔ ان کی گردن اور ریڑھ کی ہڈی میں شدید چوٹیں آئیں۔ لیلاوتی ہاسپٹل پہنچنے کے بعد سیف علی خان کی سرجری کی گئی جس میں ڈاکٹروں نے ان کی ریڑھ کی ہڈی میں پھنسی ہوئی نکیلی چیز نکالی۔ سرجری کے بعد انھیں آئی سی یو میں منتقل کیا گیا اور پھر 17 جنوری کو انھیں نارمل وارڈ میں منتقل کر دیا گیا۔ہاسپٹل میں پانچ دن گزارنے کے بعد سیف علی خان کو آج چھٹے دن گھر جانے کی اجازت مل گئی۔ ان کے گھر پر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور اہم مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ اس واقعہ کے بعد سیف علی خان کی صحت میں بتدریج بہتری آئی ہے اور وہ اب بخیر و عافیت اپنے گھر واپس پہنچ گئے ہیں۔