ممبئی : مہاراشٹرا کی ایک مقامی عدالت نے چہارشنبہ کو بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر 16 جنوری کو ان کی رہائش گاہ پر چاقو سے حملہ کرنے کے ملزم بنگلہ دیشی شہری محمد شریف الاسلام شہزاد کو پولیس حراست دینے سے انکار کرتے ہوئے اسے 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔اس سے قبل شہزاد کو سخت پولیس سکیورٹی کے درمیان باندرہ کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس نے عدالت سے ملزم محمد کو حراست میں رکھنے کا مطالبہ کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کیس میں کافی پیش رفت ہوئی ہے اور مزید شواہد اکٹھے کرنے کیلئے ملزم سے مزید تفتیش کی ضرورت ہے ۔تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے جرم کرنے سے پہلے سیف علی خان کی عمارت کی چھان بین کی تھی۔ اہلکار نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ ایک ٹیم کولکتہ میں ہے اور یہ جاننے کیلئے تفتیش کر رہی ہے کہ آیا کسی نے ملزم کی مدد کی ہے ۔افسر نے کہا کہ بنگلہ دیش سے غیر قانونی طور پر ہندوستان آنے میں ملزم کی کس نے مدد کی اور اس نے کس کے ذریعے اپنے خاندان کو رقم بھیجی؟ ہم اس کی تحقیقات کرنا چاہتے ہیں۔عدالت نے استغاثہ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے اسے عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔