حیدرآباد۔23 ۔جولائی (سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے انڈین ریڈ کراس سوسائٹیز کے عہدیداروں اور والینٹرس کو ہدایت دی ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں چوکسی اختیار کرتے ہوئے متاثرین کی مدد کریں۔ گورنر نے راج بھون پڈوچیری سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کے عہدیداروں سے بات چیت کی ۔ انہوں نے راج بھون حیدرآباد کے عہدیداروں سے ریاست میں بارش اور سیلاب کی صورتحال پر تفصیلات حاصل کی۔ گورنمنٹ نے املاک اور فصلوں کی بڑے پیمانہ پر تباہی اور نشیبی علاقوں میں نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے راج بھون کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ریڈ کراس سوسائٹی کے ذریعہ متاثرین کی مدد کے لئے ریاستی حکومت کے عہدیداروں کے ساتھ مل کر کام کریں۔ ریڈ کراس سوسائٹی کے تمام اضلاع میں کنٹرول رومس قائم کرنے کی ہدایت دی گئی۔ گورنر نے متاثرہ علاقوں میں ادویات ، غذا ، بلانکٹس اور دیگر سامان کی سربراہی کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگو ، ملیریا اور دیگر امراض کے پھیلاؤ کو روکنے پر توجہ دی جائے ۔ گورنر کے سکریٹری سریندر موہن نے ریاست کی صورتحال سے واقف کرایا ۔ اس موقع پر ریڈ کراس سوسائٹی کے عہدیدار مدن موہن راؤ ، وجئے کمار ، وجئے بابو اور دیگر والینٹرس موجود تھے ۔