سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں راحت و بازآبادکاری کاموں پر حکومت سے

   

رپورٹ طلب، 31 جولائی تک رپورٹ پیش کرنے ہائی کورٹ کی ہدایت
حیدرآباد ۔28۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ریاست کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں راحت اور بازآبادکاری کے کاموں کی تفصیلات پیش کرنے حکومت کو ہدایت دی ہے۔ تلنگانہ میں گزشتہ چند دنوں سے موسلادھار بارش کے نتیجہ میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ حکومت کے بچاؤ راحت کے اقدامات پر ڈاکٹر سی ایچ سدھاکر کی جانب سے داخل کردہ درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ موسلادھار بارش کے نتیجہ میں کئی پراجکٹس کے اطراف کے علاقے زیر آب آچکے ہیں اور ابھی بھی عوام خوف کے عالم میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔ عدالت نے مباحث کی سماعت کے بعد حکومت سے سوال کیا کہ سیلاب میں کتنی اموات واقع ہوئی ہے۔ متاثرہ خاندانوں کو آیا امداد فراہم کی گئی ؟ متاثرہ علاقوں کے عوام کو محفوظ مقامات منتقل کیا گیا یا نہیں ۔ عدالت نے ریلیف کیمپس میں دی جارہی سہولتوں کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ ہائی کورٹ نے حکومت سے سوال کیا کہ صورتحال پر نظر رکھنے کیلئے آیا کنٹرول روم قائم کیا گیا یا نہیں۔ پراجکٹس کے اطراف کے علاقوں کے عوام کے تحفظ کیلئے کیا اقدامات کئے گئے ۔ ہائی کورٹ نے 31 جولائی تک تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی حکومت کو ہدایت دی۔