ورنگل میں جائزہ اجلاس ، مہلوکین کے پسماندگان کو پانچ لاکھ ایکس گریشیا کا اعلان
حیدرآباد ۔ 31 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سیلاب سے متاثرہ ورنگل ضلع اور حسن آباد اسمبلی حلقہ کے علاقوں کا فضائی معائنہ کرتے ہوئے متاثرین کیلئے امداد کا اعلان کیا۔ ریاستی وزراء پونم پربھاکر پی سرینواس ریڈی ، کونڈا سریکھا اور عوامی نمائندوں کے ہمراہ چیف منسٹر متاثرہ علاقوں کے فضائی معائنہ کے بعد اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ چیف منسٹر نے متاثرہ کسانوں اور دیگر خاندانوں جانی اور مالی نقصانات پر ایکس گریشیا کا اعلان کیا۔ مہلوکین کے پسماندگان کو فی کس پانچ لاکھ روپئے ایکس گریشیا دیا جائے گا ۔ مکانات کی غرقابی پر فی کس 15 ہزار روپئے کی امداد دی جائے گی ۔ مکانات کو بھاری نقصان پر اندراماں مکانات الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ فصلوں اور گھریلو سامان کے نقصانات پر بھی مدد کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے ورنگل اور حسن آباد کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے فضائی معائنہ کے دوران فصلوں اور جائیدادوں کے نقصانات پر تفصیلات حاصل کی۔ ورنگل میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں عہدیداروں نے نقصانات کی تفصیلات پیش کی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ فوری طور پر جامع رپورٹ پیش کریں جس میں نقصانات کی تفصیلات شامل رہیں۔ چیف منسٹر نے فصلوں کو نقصانات کے سلسلہ میں علحدہ رپورٹ طلب کی۔ چیف منسٹر نے ریاستوں کو سیلاب کے ضمن میں حاصل ہونے والی مرکزی حکومت کی امداد کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے مرکز سے فنڈس کے حصول کی مساعی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ مستقل طورپر سیلاب کے نقصانات کے تدارک کیلئے جامع منصوبہ تیار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف محکمہ جات کے درمیان تال میل کی کمی کے نتیجہ میں سیلاب کے نقصانات ہوئے ہیں۔ چیف منسٹر نے نالوں پر غیر قانونی قبضہ جات کی برخواستگی کی ہدایت دی۔ انہوں نے بلدی نظم و نسق اور آبپاشی محکمہ جات کے درمیان بہتر تال میل کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ بارش کی صورت میں نقصانات کو کم کرنے کیلئے مستقل طور پر منصوبہ تیارکیا جائے۔ چیف منسٹر نے متاثرہ علاقوں میں عوام سے ملاقات کی اور حکومت کی جانب سے ممکنہ مدد کا بھروسہ دلایا۔1