سیلاب سے متاثرہ نیلور ضلع میں چیف منسٹر جگن کا دورہ

   

خواتین نے روتے ہوئے بپتا سنائی، ہر خاندان کے تحفظ کا تیقن
حیدرآباد۔3 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے سیلاب سے متاثرہ ضلع نیلور کا دورہ کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی ۔ جگن کے دورہ کے موقع پر خواتین کی کثیر تعداد نے انہیں اپنے دکھ اور تکالیف سے واقف کرایا۔ جگن نے حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ قائد کا مطلب صرف اقتدار میں دلچسپی رکھنے والے نہیں بلکہ مصیبت میں عوام کے درمیان رہ کر مدد کرنے والا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مشکل وقت میں بھروسہ دلانا اور ان کی مدد کرنا ہی صحیح معنوں میں خدمت ہے۔ انہوں نے متاثرین کی ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔ جگن موہن ریڈی گزشتہ دو دنوں سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورہ پر ہیں۔ دورہ کے موقع پر ایک خاتون نے چیف منسٹر کو روتے ہوئے اپنی بپتا سنائی جس پر چیف منسٹر نے مسائل کی فوری یکسوئی کی ہدایت دی ۔ چیف منسٹر نے خاتون کے بیٹے کو ملازمت فراہم کرنے کا تیقن دیا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ عوام کو درپیش ضروریات کے بارے میں رپورٹ تیارکریں۔ کوئی بھی متاثرہ خاندان حکومت کے امداد سے محروم نہ رہیں۔ انہوں نے متاثرہ مکانات کے لئے امداد کی اجرائی کا یقین دلایا ۔ چیف منسٹر نے متاثرین سے کہا کہ وہ گرام پنچایت دفاتر میں درخواستیں دائر کریں۔ آئندہ دو دنوں تک متاثرین سے درخواستیں وصول کی جائیں گی ۔ چیف منسٹر نے دورہ کے بعد اعلیٰ سطحی اجلاس میں بچاؤ راحت کے کاموں کا جائزہ لیا۔ر