سیلاب متاثرین می سیوا مراکز پر اپنی تفصیلات درج کروائیں

,

   

حکومت مدد کرنے کے معاملے میں عہد کی پابند، مزید 100 کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے:کے ٹی آر

حیدرآباد : حکومت تلنگانہ نے سیلاب کے متاثرین کو مالی امداد فراہم کرنے کیلئے ایک نئے پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ می سیوا مراکز میں تمام تفصیلات درج کرنے پر حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کرنے کا تیقن دیا۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے بتایا کہ حکومت سیلاب کے متاثرین کیلئے مدد کرنے کے معاملے میں عہد کی پابند ہے۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر عوام کو سیلاب سے نقصان پہنچا ہے اور ابھی تک انہیں حکومت کی امداد نہیںملی ہے تو انہیں درمیانی افراد سے رجوع ہونے اور ان کے چنگل میں پھنسنے کی ضرورت نہیں ہے۔ متاثرین کی مدد کیلئے حکومت نے ایک نئے پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ ریاست بھر میں موجود می سیوا سنٹرس میں ایک نیا اپلیکیشن کا آغاز کیا گیا ہے۔ اگر کوئی حقیقی مستحق انہیں ابھی تک حکومت سے کوئی امداد نہیں ملی ہے تو وہ می سیوا پہنچ کر اپنا نام، مکان نمبر، علاقہ، موبائیل نمبر، آدھار نمبر اور پن کوڈ کے ساتھ دوسرے تفصیلات درج کروائیں۔ ان تفصیلات پر سرکاری عہدیدار فوری ردعمل کا اظہار کریں گے اور آپ کے گھروں تک پہنچ کر اس کا جائزہ لیں گے۔ اگر آپ تمام تفصیلات کے ساتھ بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات بھی پیش کرتے ہیں تو آپ کو سرکاری دفاتر کے چکر کاٹنے کی بھی ضرورت نہیں رہے گی۔ امدادی رقم بینک کھاتوں میں جمع کردی جائے گی۔ اس کی ذمہ داری وہ قبول کرتے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ اس معاملے میں کسی کو شکوک و شبہات میں مبتلا رہنے کی بھی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اس معاملے میں حکومت بہت زیادہ سنجیدہ ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے سیلاب کے متاثرین کے امدادی کاموں کیلئے 550 کروڑ روپئے مختص کیا ہے۔ ضرورت پڑنے پر مزید 100 کروڑ روپئے خرچ کرنے کیلئے بھی تیار ہے۔