صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو کی پارٹی قائدین کو ہدایت
حیدرآباد ۔ 18 اگست (سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش کے مختلف مقامات پر سیلاب کے متاثرین کی ممکنہ حد تک مدد کرنے اور انہیں راحت بہم پہنچانے کیلئے اقدامات کرنے کی قومی صدر تلگودیشم پارٹی و سابق چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے تلگودیشم پارٹی قائدین و کارکنوں کو ہدایات دیں اور کہا کہ امدادی و راحت کاری اقدامات میں ارکان اسمبلی تلگودیشم پارٹی، ارکان قانون ساز کونسل، پارٹی انچارجس و سینئر قائدین تلگودیشم پارٹی کو شامل ہونا چاہئے۔ علاوہ ازیں سیلاب کے متاثرین کی ہمت افزائی کرنے اور انہیں پریشان نہ ہونے کی ترغیب دیتے ہوئے خیرسگالی اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کیونکہ دریائے کرشنا میں پانی کے تیز بہاؤ سے پائے جانے والے شدید سیلاب کی وجہ سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ان افراد کے مکانات سیلاب کی نذر ہوکر پانی کے تیز بہاؤ سے بہہ گئے اور کئی مکانات پانی میں محصور ہیں، جس کی وجہ سے متاثرہ افراد اپنے پہنے ہوئے کپڑوں کے ساتھ ہی دیگر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کیلئے کوشاں ہیں۔ سابق چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ریاست کے مختلف مقامات پر کھڑی فصلیں بھی متاثر ہوئی ہیں اور بعض مقامات پر کاشتکاروں کو زبردست نقصانات سے دوچار ہونا پڑا۔ یہاں تک کہ تور کی کاشت، لیمو، موز کے باغات اور ساتھ ہی ساتھ ترکاریوں کی تمام کاشت کو زبردست نقصان ہوا۔ لہٰذا نقصانات سے دوچار کاشتکاروں کو فوری طور پر مناسب مالی معاوضہ فراہم کرکے متاثرین میں اشیائے ضروریہ فراہم کرنے کا ریاستی حکومت سے مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے پرزور مطالبہ کیا۔
